
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
نیشنل ٹی 20 کپ کا میلہ ملتان میں بھی سج گیا۔ بارش کے بعد سہانے موسم میں ایبٹ آباد اور فیصل آباد سرخرو ۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد پر لاہور بلیوز اور کراچی وائٹس نے فتح کے جھنڈے گاڑھ دیئے۔ ایبٹ آباد نے راولپنڈی کو فیصل آباد نے حیدرآباد کو شکست سے دوچار کیا۔ کراچی وائٹس نے ڈیرہ مراد جمالی کو اور لاہور بلیوز نے بہاولپور کو ہرا دیا۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم پر ایبٹ آباد بمقابلہ راولپنڈی اور فیصل آباد بمقابلہ حیدر آباد میچز کی تفصیلات دونوں کے نتائج یکطرفہ رہے۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم پر گروپ سی کے میچ میں ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر پہلے راولپنڈی کو بیٹنگ کی دی راولپنڈی کی ٹیم 18.3اوورز میں 104 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ 8 بیٹرز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے مبصرخان 24 رنز(3چوکے۔ایک چھکا) کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔تیمور خان نے 23 رنز(2چھکے۔ ایک چوکا ) اور کپتان محمد نواز نے دو چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے۔
ایبٹ آباد کے وکٹ ٹیکر باؤلرز میں سے رائٹ آرم میڈیم فاسٹ ارشد اقبال نے 3.3اوورز میں 12رنز دے کر 3 وکٹیں اڑائیں۔ لیفٹ آرم میڈیم فاسٹ شہاب خان نے 21 رنز کے بدلے 3 وکٹوں کا سودا کیا۔ کپتان و رائٹ آرم گگلی ماسٹر یاسر شاہ (ٹیسٹ کرکٹر) نے تین اوورز میں 20 رنز دے کر ۔لیفٹ آرم میڈیم فاسٹ محمد فیاض خان نے تین اوورز میں 17 رنز اور لیفٹ آرم سپنرخالد عثمان نے 4اوورز میں 17 رنز دے کر ایک ایک وکٹ اڑائی رائٹ آرم میڈیم فاسٹ احمد خان نے اکلوتے اوور میں بغیر وکٹ کے 16 رنز دے دیئے۔
جوابی بیٹنگ میں ایبٹ آباد نے مطلوبہ سکور 14 ویں اوور کی پہلی گیند پر تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ٹیسٹ کرکٹر کامران غلام نے 27 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔آفاق احمد 8گیندوں پر 8رنز(1چوکا) بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہزیب خان نے 18 بال کھیل کر 19رنز (3چوکے)۔ سجاد علی نے 16 گیندوں پر 12رنز (2چوکے 1چھکا) اور محمد عارف نے 18 گیندوں پر 16 رنز (1چھکا 1چوکا) بنائے۔
فیصل آباد نے افطاری کے بعد میچ میں حیدرآباد کا شکار کیا شرجیل خان کا بیٹ بھی میچ وننگ سٹروک نہ کھیل سکا۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم پر اتوار کی افطاری کے بعد کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد نے ٹاس جیت کر فیصل آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو فیصل آباد نے پورا پورا فائدہ اٹھایااور 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199رنزوں کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔انٹرنیشنل کرکٹر آصف علی نے5 چھکوں اور3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ امحمد فیضان نے 3 چھکوں اور7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز سکور کیے۔نعمان علی نےدو وکٹیں حاصل کیں۔جوابی بیٹنگ میں حیدر آباد کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 137 رنز بناسکی۔
شرجیل خان نے تیز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت کی امید تو دلوائی لیکن وننگ سٹروک کی حسرت لیے وہ پویلین کو واپس لوٹ گئے۔شرجیل خان 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے شہزاد گل ۔ابتسام الرحمان اور اویس ظفر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد پرکراچی وائٹس اور لاہور بلیوز کی جیت۔ ڈیرہ مراد جمالی اور بہاولپور کو شکست کا سامنا۔
اتوار کو بعد سہ پہر چار بجےاقبال سٹیڈیم فیصل آباد پر شروع ہونیوالے 20 اوورز کے میچ میں کراچی وائٹس کے خلاف ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم 7 وکٹوں پر 132 رنز جوڑ پائی۔باسط علی اور داؤد خان دونوں نے 29 رنز کی اننگز کھیلیں ۔دیگر ڈبل فیگر بیٹسمینوں میں سے ناصر خان نے 15 اور ابوبکر نے 11رنز بنائے۔
کراچی وائٹس کی باؤلنگ میں ثاقب خان نے 23 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کرنے کی کارکردگی دکھائی ۔
جوابی بیٹنگ میں کراچی وائٹس نے 18 ویں اوور میں4 وکٹوں پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔خرم منظور نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے42 رنز بنائے۔شان مسعود نے38 رنز سکور کیے جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ثاقب خان پلیئر آف دی میچ رہے۔
بہاولپور کا نروس نائنٹیز ٹوٹل۔ لاہور بلیوز کے ہاتھوں 9وکٹوں سے شکست۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد پر کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں بہاولپور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی لیکن پوری ٹیم تہرے ہندسی میں بھی مجموعی سکور نہ بناپائی بلکہ ٹوٹل میں نروس نائنٹیز سے دوچار رہی اور پوری ٹیم صرف 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان عمران رندھاوا 22 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
لاہور بلیوز کے کامیاب باؤلرز میں سے قاسم اکرم اور سلمان خان نے بالترتیب 6 اور 18 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں لاہور بلیوز نے 10 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
عمرصدیق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 رنز سکور کیے۔عمران بٹ نے 8 چوکوں کی مدد سے48 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔
قاسم اکرم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔