
:محمد ندیم قیصر(ملتان)
:تفصیلات
نیشنل ٹی 20 کپ کے سلسلے میں سوموار کی شب کو اقبال سٹیڈیم فیصل آباد اور قذافی سٹیڈیم لاہور پر 4 مزید میچز کا فیصلہ ہوا سیالکوٹ نے ملتان کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔ لاہور وائٹس نے لاڑکانہ کو 134 رنز سے ہرادیا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں سیالکوٹ نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر147 رنز بنائے۔
محمد شہزاد نے 55 اور امام الحق نے41 رنز سکور کیے۔حسن علی نے 38 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں سیالکوٹ نے آخری اوور میں 7 وکٹوں پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔ پلیئر آف دی میچ عبداللہ شفیق نے پانچ چوکوں اور ایک چھکےکی مدد سے 57 اور شعیب ملک نے43 رنز سکور کیے۔محمد اسماعیل نے 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں لاہور وائٹس نے لاڑکانہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 4 وکٹوں پر 215 رنز سکور کیے۔
محمد فائق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 7 چھکوں اور13 چوکوں کی مدد سے صرف 56 گیندوں پر116 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔محمد اخلاق نے35 رنز بنائے۔مشتاق کلہوڑو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
لاڑکانہ کی ٹیم جواب میں صرف 81 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مشتاق کلہوڑو 19 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔کامران افضل نے 17 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد فائق پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
فاٹا اور کراچی بلیوز کی کامیابی۔ آزاد جموں کشمیر اور کوئٹہ کو شکست۔
فاٹا نے آزاد جموں کشمیر کو 4 وکٹوں سے اور کراچی بلوز نے کوئٹہ کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں آزاد جموں کشمیرنے فاٹا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 149 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
حسنین ندیم نے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 53 رنز سکورکیے۔حسن رضا نے 33 رنزکی اننگز کھیلی ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں86 رنز کا اضافہ کیا۔
معاذ خان نے11 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ اعزاز خان نے تین جبکہ شاہد عزیز نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
فاٹا نے 18 ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔ محمد فاروق نے 6چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے اور محمد نعیم کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز کا اضافہ کیا۔ محمد نعیم نے30 رنز سکور کیے۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کراچی بلیوز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 9 وکٹوں پر 138 رنز بنائے ۔حسیب اللہ 46 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ محمد اصغر نے 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی بلیوز نے 17 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔رمیز عزیز نے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ عبداللہ فضل نے 40 رنز بنائے۔
رمیز عزیز پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔