
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
سعودی عرب کے چار روزہ دورہ پر گئے ہوئے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے عزم کو سراہا، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں معاون ثابت ہوں گے۔ دونوں اطراف نے علاقائی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق۔
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے کے سیاسی منظر نامے پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا وزیراعظم اور ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی رہنمائی میں پاکستان سعودی عرب شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم پاکستان کے وفد کا سعودی عرب میں پر تپاک استقبال ۔نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز آل سعود نے خوش آمدید کہا۔
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے چار روزہ دورے پر جدہ پہنچے مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز آل سعود نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیر اعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اہم وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ دورے میں وزیراعظم پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کے حوالے سے سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات شیڈولڈ ہے ۔ پاکستان کے اس سر براہی دورہ سعودی عرب میں دونوں رہنما تجارت کو فروغ دینے، کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے اور وسیع تر اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔
وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مثالی تعلقات کا عکاس۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مثالی تعلقات کا عکاس ہے اور دونوں ممالک کے مابین باہمی افہام و تفہیم میں اضافے، تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر سفارتی روابط کے مزید فروغ کی راہ ہموار کرے گا۔وزیر اعظم پاکستان اور ان کے وفد میں شامل اعلی حکام کی موجودگی کا مقصد دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں بات چیت کو پیشہ وارانہ انداز میں آگے بڑھانا ہے اور میزبان حکام کے ساتھ مہمان وفد کے اعلی حکام کے مابین مشاورتی سیشن کو ثمر آور بنانا ہے۔