ہوا وہی جس کا تھا ڈر،سہ ملکی کرکٹ سیریز کی ملتان سے منتقلی کی صدائے بازگشت سچ ثابت ہوئی۔

اہلیان جنوبی پنجاب نے صدائے احتجاج بلند کردی۔

محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

ہوا وہی جس کا تھا ڈر ۔۔ ملتان سے سہ ملکی کرکٹ سیریز کی ملتان سے منتقلی کی صدائے بازگشت بالآخر درست ثابت ہوئی۔
اہلیان جنوبی پنجاب نے صدائے احتجاج بلند کردی فروری میں چیمپئنز ٹرافی 2025ء سے قبل پاکستان ۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے مابین سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل سمیت چار میچز کی میزبانی ملتان کو دی گئی تھی۔ ڈیڑھ دو ہفتے قبل چار میں سے ایک لیگ اور ایک فائنل میچ ملتان سے کراچی منتقل کیے جانے کا اعلان کیا گیا اور اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کرکٹ بورڈ نے سہ ملکی سیریز کے ابتدائی دو میچز بھی ملتان سے لاہور منتقل کر دیئے ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی 2025ء سے قبل جدید ڈیزائن سے تعمیر شدہ قذافی سٹیڈیم لاہور نیشنل سٹیڈیم کراچی کی آزمائش سہ ملکی سیریز کی ملتان سے منتقلی کا سبب بنی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ1996ء کے 28 برسوں کے بعد پاکستان میں کسی بھی میگا بین الاقوامی ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد کا فیصلہ سال 2022ء میں کیا تو چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی پاکستان کو دے دی گئی تاہم چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان کے صرف تین بڑے شہروں لاہور ۔راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے اس کا فیصلہ سال بھر پہلے کیا گیا دنیا کے دلکش کرکٹ میدانوں میں شمار کیے جانے ملتان سٹیڈیم کو نظر انداز کیے جانے پر جب اہلیان جنوبی پنجاب کے کرکٹ شائقین نے اضطراب اور احتجاجی ردعمل کا اظہار کیا تو ملتان کو سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کی میزبانی دیئے جانے کی خوشخبری سنادی گئی اور میچز کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔

پاکستان۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین لیگ میچز اور ایک فائنل پر مشتمل چار میچز 10 فروری سے شروع ہونا تھے اور چیمپئنز ٹرافی کے افتتاح سے تین روز قبل سیریز اختتام پذیر ہو جانا تھی۔گزشتہ برس فروری میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد محسن نقوی نے بھی سہ ملکی کرکٹ سیریز ملتان میں ہی منعقد کروانے کا شیڈول برقرار رکھا تھا۔

محسن نقوی کے سال بھر میں سہ ملکی کرکٹ سیریز ملتان میں منعقد کروائے جانے کا شیڈول برقرار رہنے کے بعد اچانک سے ایسا کیا ہوا کہ ملتان کو پہلے آخری دو اور پھر اب بدھ کو راتوں رات پہلے دو لیگ میچز سے بھی لاہور کراچی منتقل کردیا گیا اس کی وجہ پی سی بی ذرائع سے یہی سامنے آئی ہے کہ قذافی سٹیڈیم لاہور اور نیشنل سٹیڈیم کراچی کی از سر نو جدید ڈیزائن کے مطابق تعمیر مکمل ہونے کے بعد جنوبی افریقہ۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سہ ملکی سیریز کے دو دو میچز منعقد کروا لیے جائیں تاکہ 19 فروری سے شیڈول چیمپئنز ٹرافی سے قبل ان دونوں سٹیڈیمز میں انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے اور جو کمی میچز کے دوران دکھائی دے اسے دور کر لیا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم لاہور اور نیشنل سٹیڈیم کراچی کے تعمیر نو منصوبہ کو 25 جنوری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی ہے۔

نیوزی لینڈ کو پہلی بار اور جنوبی افریقہ کے کرکٹرز کو طویل عرصہ بعد ملتان میں کھیلتا دیکھنے کی خواہش مند اہلیان جنوبی پنجاب کا ردعمل آگیا۔

راتوں رات سہ ملکی کرکٹ سیریز کو مکمل طور ملتان سے منتقل کیے جانے کے پی سی بی فیصلہ اور اس کے پس منظر میں وجوہات بارے اہلیان جنوبی پنجاب کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے کیونکہ جب بھی ملتان میں کوئی بین الاقوامی میچ ہوتا ہے تو ملتان کے علاوہ ساہیوال ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنوں سے بھی شائقین دیکھنے کیلئے ملتان سٹیڈیم آتے ہیں بجھے دل جنوبی پنجاب کے افسردہ کرکٹ شائقین نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی لاہور اور نیشنل کراچی سٹیڈیمز کو مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن تو 25 جنوری کی دی ہے لیکن آزمائشی میچز دو ہفتوں کے بعد کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

۔۔۔اور اگر آزمائشی میچز میں قذافی اور نیشنل سٹیڈیم چیمپئنز ٹرافی کے سٹینڈرڈ کے مطابق معیار پر پورے نہ اتر سکے تو 16 فروری کو سہ ملکی سیریز ختم ہونے کے بعد اور چیمپئنز ٹرافی کے افتتاح میں محض دو روز باقی رہ جائیں گے۔ اور ان دو روز میں کرکٹ بورڈ کیسے خامیاں دور کر سکے گا ۔۔ جنوبی پنجاب کے کرکٹ شائقین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے دو ٹیسٹ میچز ملتان کو ملنے پر خوشی ہے لیکن کرکٹ کی سنسنی خیزی تو محدود اوورز کی ون ڈے اور ٹی20 میچز سے جڑی ہوئی ہے پہلے دنیا کے دلکش کرکٹ میدان ملتان سٹیڈیم کو چیمپئنز ٹرافی کے میچز سے محروم کردیا گیا اور اب سہ ملکی سیریز بھی ملتان سے چھین لی گئی ہے۔

  • Related Posts

    آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر ۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو بھی زیر کر لیا۔ ناقابل شکست ٹیم کی حیثیت سے ورلڈ کپ کیلئے رسائی

    محمد ندیم قیصر…

    کراچی کنگز نے جیمز ونس اور حسن علی کی شاندار پرفارمنس کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز سے شکست دے دی۔وہاب ریاض کی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *