
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ٹرین واقعہ کے بعد کویٹہ سے ملک بھر میں بذریعہ ٹرین سفری سہولیات دس ہفتوں میں بحال نہ ہو سکیں وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے یقین دلایا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے واقعے کے بعد بلوچستان میں ریلوے خدمات سکیورٹی پروٹو کول کے ساتھ فوری طور پر دوبارہ شروع ہو جائیں گی ، مسافروں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ٹریک اور بوگیوں کو پہنچنے والے نقصانات کو مکمل طور پر بحال کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا نیوز کے مطابق وزیر مملکت ریلوے نے واضح طور پر کہا کہ سکیورٹی خطرات کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان خطرات کو کم کرنے کے بعد ہی ریلوے سروسز دوبارہ شروع ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی اقدامات کے بعد سروسز دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ وزیر مملکت ریلوے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی حفاظت اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کی بھلائی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا ئے گی۔
حکومت کا دہشت گردی کے خاتمے تک غیر متزلزل عزم کے ساتھ دہشتگردی خلاف ڈٹ جانے کے عزم کا اظہار۔
وزیر مملکت برائے ریلوے اظہر کیانی نے زور دے کر کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے خاتمے تک غیر متزلزل عزم کے ساتھ دہشتگردی خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے قومی اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک کی طاقت کسی بھی خطرے یا چیلنج کے خلاف متحد ہو کر ایک ساتھ کھڑے ہونے کی صلاحیت میں ہی مضمر ہے اور یہ اتحاد مشکلات پر قابو پانے اور روشن مستقبل کے حصول کی کلید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنے والے تمام شہریوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قلات کے علاقے منگچر میں مزدوروں پر فائرنگ کی شدید مذمت۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات کے علاقے منگچر میں دہشت گردوں کی جانب سے مزدوروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور واقعہ میں جاں بحق ہونے والے 4 مزدوروں کی بلندی درجات کی دعاء بھی کی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم ان غریب محنت کش مزدوروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غریب مزدوروں اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم “ڈیجیٹل دہشت گردی” کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی۔
وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مضبوط اقدامات کئے جائیں گے، پی ٹی آئی کی بد نیتی پر مبنی سوشل میڈیا پر جاری ”ڈیجیٹل دہشت گردی“ مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے منفی بیانیہ اپنایا ہے اور پاکستان کے استحکام اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کے لیے “ڈیجیٹل دہشت گردی” کر رہی ہے، اس حوالہ سے زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے تحفظ کے لیے قانون اور آئین کے تحت ہر قدم اٹھائے گی۔ وزیر مملکت نے جعفر ایکسپریس واقعے پر پی ٹی آئی کے ردعمل پر بھی اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
مولانا فضل الرحمان ٹرین حادثہ بارے اجلاس میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت پر حیران ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی رکن اس واقعے کے حوالے سے اجلاس میں شریک نہیں ہوا اور ان کے بانی نے بھی حملے کی مذمت نہیں کی ، ایک سیاسی جماعت نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر دشمن کے بیانیے کو فروغ دیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد ایک سیاسی جماعت نے غیر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور مولانا فضل الرحمان بھی اس حوالے سے اجلاس میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت پر حیران ہیں۔
دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور۔
وزیر مملکت نے کے پی کے میں دہشت گردی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس لعنت کے خلاف لڑنے کے لیے اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے لیکن پی ٹی آئی کے اقدامات اس اتحاد کو کمزور کر رہے ہیں۔