پاکستان ایتھوپیا اقتصادی و تجارتی تعاون، دفاعی شراکت داری، اور باہمی دلچسپی کے امور بارے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ایتھوپیا کے سفیر میں تبادلہ خیال ۔

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

پاکستان ایتھوپیا اقتصادی و تجارتی تعاون، دفاعی شراکت داری، اور باہمی دلچسپی کے امور بارے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ایتھوپیا کے سفیر میں تبادلہ خیال ہوا ہے اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون، دفاعی شراکت داری، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کے افتتاح اور کراچی سے ادیس ابابا کے درمیان براہ راست پروازوں کو خوش آئندہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان فضائی خدمات کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے منتظر ہیں تاکہ ہوا بازی کے شعبے میں مزید تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین عالمی فورم پر بہترین اور مثالی تعاون۔موسمی تغیرات کے ایشو بارے مؤثر رابطہ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ دونوں ممالک موسمی تغیرات سمیت دیگر اہم مسائل پر معاونت کر رہے ہیں ۔ پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین عالمی فورم پر بہترین اور مثالی تعاون موجود ہے ۔سید یوسف رضا گیلانی نے ایتھوپیا کی پارلیمنٹ میں اپنے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ نادرا افریقی ممالک کے ساتھ تعاون اور خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایتھوپیا بھی نادرا کی خدمات سے استفادہ کر سکتا ہے ۔ دہشت گردی اور علاقائی خطے کے امن و امان کے حوالے سے

کشمیر اور فلسطین کے مسائل امن کے لئے خطرہ۔ پاکستان ایتھوپیا دونوں ممالک کو دہشت گردی کا سامنا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کا سامنا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور بے پناہ جانی و مالی قربانیاں بھی دی ہیں ۔ہماری جماعت کی شہید بی بی محترمہ بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور عقیدہ نہیں ہوتا ۔ دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی ۔ چیئرمین سینیٹ نے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو خطے کے امن کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا منصفانہ حل علاقے کے امن وامان اور ترقی کی ضمانت ہے ۔

ایتھوپیا کو پاکستانی چاول، طبی اور سرجیکل آلات، دواسازی کی مصنوعات اورفٹ بال کی درآمد میں اضافہ کی تجویز۔

سرمایہ کاری واقتصادی ترقی کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتا اور اس میں مزید اضافے کے وسیع موقع موجود ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ دوطرفہ تجارتی معاہدے جو تجارت میں مزید وسعت پیدا کرے گا۔چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کو پاکستانی چاول، طبی اور سرجیکل آلات، دواسازی کی مصنوعات، اور فٹ بال درآمد کرنے میں اضافہ کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین چاول اور فٹ بال اور دیگر معیاری اشیاءتیار کی جاتی ہیں، جو عالمی معیار کے مطابق ہوتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات خاص طور پر اقتصادی، تجارتی، اور زرعی شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔چیئرمین سینیٹ نے بین الاقوامی امن اور استحکام کے فروغ میں دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور ایتھوپیا کی حکومت کا پاکستانی شہریوں کو آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی ہے، جو سرمایہ کاری کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے ایتھوپیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔

ایتھوپیا کیلئے آئی ٹی، بینکنگ، ٹیکسٹائل، اور صنعتی شعبوں میں تربیتی مواقع فراہم کرنے کی پیشکش۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایتھوپیا کی معیشت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ٹی، بینکنگ، ٹیکسٹائل، اور صنعتی شعبوں میں تربیتی مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ ایتھوپیا کے کئی سفارتکار اب تک پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی میں تربیت حاصل کر چکے ہیں اور پاکستان مزید سفارتکاروں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کی پارلیمانی قیادت، حکومت اور سفیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی      وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ پارلیمانی سفارتکاری میں پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

ایتھوپیا کا جعفر ایکسپریس واقعہ کی مذمت ۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے اظہار یکجہتی۔

ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط مستحکم کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا انہوں نے چیئرمین سینیٹ سے جعفر ایکسپریس واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایتھوپیا کی پارلیمنٹ ، حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ اس دہشت گردی کے واقعے پر یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔ سفیر نے سید یوسف رضا گیلانی کو یوم پاکستان کی مبارکباد بھی دی انہوںنے فضائی رابطوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا سے اسلام آباد اور لاہور تک فضائی رابطوں کو بڑھانے پر غور کر رہے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کی عالمی امن کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا اقوام متحدہ کے امن مشن میں اپنا حصہ شامل کر رہے ہیں اور دونوں ممالک عالمی فورم پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ بھی موجود تھے ۔

  • Related Posts

    آزادی صحافت کے عالمی دن پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے میڈیا ورکرز کو خراج تحسین اور اُن بہادر مرد و خواتین صحافیوں کو خراج عقیدت:وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام

    :محمد ندیم قیصر…

    وزیراعظم اور امیر قطر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ۔ پہلگام واقعہ ۔سندھ طاس معاہدہ بارے گفتگو ۔خیر سگالی جذبات کا اظہار

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *