
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
وزیر اعلیٰ پنجاب کا ثقافتی ورثہ بحالی پلان۔ ملتان کی قدیمی کبوتر منڈی سے تجاوزات کا صفایا کردیا گیا تاریخی قلعہ کہنہ قاسم کی بیرونی فصیل خونی برج دیوار کی اپ گریڈیشن بارے رپورٹ بھی طلب کر لی گئی۔ دولت گیٹ سے قلعہ کہنہ کے مشرقی حصہ میں واقع کبوتر منڈی سے تجاوزات کے صفایا کا مشن جمعرات کو مکمل کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری مدد سے عمارات زمین بوس کر دی گئیں ۔ پرندوں کی غیر قانونی منڈی کو دیکھتے ہی دیکھتے مسمار کر دیا گیا آپریشن میں روکاوٹ بننے والوں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔
دوسری جانب ملتان کے بیوٹی فیکیشن پلان کیلئے تاریخی خونی برج پاک گیٹ النگ ۔ قلعہ کہنہ کی حفاظتی فصیل کی تزئین و آرائش کیلئے 2.67 ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر منصوبے جاری ہیں ۔ منصوبے میں دیوار پر پینٹنگ، لائٹس کی تنصیب، فٹ پاتھ کی مرمت، بینچز اور ڈسٹ بنز کی فراہمی شامل ہے۔ اس کی نگرانی ڈویژنل انتظامیہ اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نگرانی کر رہی ہے۔منصوبہ کا مقصد شہر کو جدید سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے اس کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا ہے۔
پرندوں کی مارکیٹ سے تجاوزات کا صفایا 25 سے زائد ناجائز تعمیر کی گئی دکانیں مکمل مسمار۔
پرندوں کی مارکیٹ سے تجاوزات کا صفایا 25 سے زائد ناجائز تعمیر کی گئی دکانیں مکمل مسمار کر دی گئیں یہ آپریشن ڈسٹرکٹ انتظامیہ ۔پولیس،وائلڈ لائف ،ایم ڈی اے اور متعلقہ اداروں کا جوائنٹ آپریشن تھا ۔کبوتر منڈی میں قابضین کا سامان،پرندوں کے پنبجرے ضبط اور تھڑے توڑ دیے گئے ضلعی انتظامیہ نے تمام ناجائز تعمیرات مسمار کرکے راستہ کشادہ کرنے کا الٹی میٹم دیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے آپریشن کے بعد گفتگو میں کہا کہ قابضین کبوتر منڈی کے نام پر عرصہ دراز سے نزول لینڈ پر قابض تھےضلعی انتظامیہ ایک ایک انچ سرکاری اراضی واگزار کرائے گی۔محکمہ وائلڈ لائف کی درخواست پر ناجائز کبوتر منڈی کا مکمل خاتمہ کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا تجاوزات اور قبصہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔قلعہ کہنہ ،حسین آگاہی اور حافظ جمال روڈ کو مکمل کلئیر کرینگے۔
پاک گیٹ چوک تا خونی برج دیوار کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے منصوبے۔
پاک گیٹ چوک تا خونی برج دیوار کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر ملتان عامر کریم خان نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بیرونی فصیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ثقافت میں اس کے ماضی کی جھلک نمایاں ہوتی ہے، اور شہر اولیاء کی تاریخی حیثیت کو اجاگر کرنا اولین ترجیح ہے۔ حکومت پنجاب ملتان کی قدیم تہذیب اور تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ نہ صرف شہریوں کو ایک خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی اضافہ ہو۔انہوں نے پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے مزید ٹھوس اور دیرپا اقدامات کیے جائیں تاکہ ملتان کی پہچان عالمی سطح پر مزید نمایاں ہو۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کریم بخش نے بریفنگ میں بتایا کہ شہر کے مختلف چوکوں اور شاہراہوں کو جدید روشنیوں اور شجرکاری سے آراستہ کیا جا رہا ہے، جبکہ پارکوں اور گرین بیلٹس کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی جاری ہے۔