
محمد ندیم قیصر (ملتان)
تفصیلات
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10(ایکس) کے پانچویں میچ میں تین بار کی ٹائٹل فاتح و دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی کو 102 رنز کی واضح برتری سے شکست دے دی۔ صاحبزادہ فرحان کی یہ سنچری صرف 49 گیندوں پر بنائی گئی۔ مین آف دی میچ صاحبزادہ فرحان نے رواں سیزن میں چوتھی ٹی 20 سنچری بنا کر مین آف دی میچ ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔ پشاور زلمی کو پہلی بار ہنڈرڈ پلس رنز کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اور اسلام آباد یونائیٹڈ مسلسل دو فتوحات کے ساتھ پی ایس ایل سیزن ایکس میں بھی ٹاپ پوزیشن پر ہے .فرحان نے بجلی کی کڑک چمک کی مانند تیز رفتار 106رنز صرف 52 گیندوں پر بنائے ان کی اننگز 5 چھکوں اور 13 چوکوں سے مزین تھی۔ انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی (49 گیندوں پر) کی تیز ترین سنچری بنائی اور ایک ہی سال میں چار ٹی ٹوئنٹی سنچریاں بنانے والے پانچویں کھلاڑی بن گئے۔
صاحبزادہ فرحان اور کولن منرو کے درمیان 72 گیندوں میں 144 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ
کولن منرو نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ منرو اور فرحان نے دوسری وکٹ کے لیے 72 گیندوں میں 144 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ قائم کی، جس سے یونائیٹڈ والے بڑا ٹوٹل 243/5 سکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہے جواب میں پشاور زلمی 141 رنز بنا پائی۔زلمی کے تیز باؤلر الزاری جوزف اسلام آباد کی اننگز کے 14ویں اوور میں دونوں سیٹ بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ سلمان علی آغا اور جیسن ہولڈر نے یونائیٹڈ کی اننگز کے آخری اوورز میں بالترتیب 15 گیندوں پر 30 اور 11 گیندوں پر 20 ناٹ آؤٹ کے ساتھ اپنا عمدہ کردار ادا کیا۔

صائم اور بابر کی اہم وکٹیں گرنے کے بعد زلمی کی بیٹنگ کا تال میل نہ جم سکا
اپنے ہوم گراؤنڈ راولپنڈی سٹیڈیم پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں /243/5 کے ساتھ اپنا اب تک کا دوسرا سب سے بڑا سکور کیا – جو اس سال کے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
بھاری بھرکم ٹوٹل 243 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پشاور زلمی کو وہ آغاز نہیں ملا جس کی انہیں امید تھی، پہلے چار اوورز میں تین اہم وکٹیں گنوا دیں۔پچھلے میچ میں ففٹی بنانے والے صائم ایوب کو نسیم شاہ نے آؤٹ کردیا۔ بیڈ پیچ سے دوچار بابر اعظم بھی جلدہی کیچ آؤٹ ہوگئے انہیں بین دروشوئس نے اپنی ایک لینتھ گیند پر آؤٹ کیا۔
صائم اور بابر کی اہم وکٹیں گرنے کے بعد زلمی کی بیٹنگ کا تال میل نہ جم سکا یونائیٹڈ کے باؤلرز نے پریشر بڑھاتے ہوئے زلمی کی وکٹیں گرانے کا تسلسل برقرار رکھا۔ تاہم زلمی کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث نے مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے اپنا جارحانہ انداز ترک نہ کیا اور 47 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی۔
حارث کو عماد وسیم نے آؤٹ کیا، عماد نے اپنے کوٹہ کے 4 اوورز میں 26 رنز دے کر 3 آؤٹ کیے زلمی 18.2 اوورز میں 141 رنز بنا پائی ۔ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور فاسٹ باؤلر دروشوئس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی ۔ میچ کا احوال ۔مختصر اعدادوشمار
میچ 5 – اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور زلمی کو 102 رنز سے ہرا دیا
اسلام آباد یونائیٹڈ 243/5، 20 اوورز (صاحبزادہ فرحان 106، کولن منرو 40، سلمان علی آغا 30؛
زلمی باؤلنگ الزاری جوزف 2-39، حسین طلعت 2-39
پشاور زلمی 141آل آؤٹ 18.2 اوورز (محمد حارث 87؛ عماد وسیم 3-26، بین دروشوئس 2-23، شاداب خان 2-29)
پلیئر آف دی میچ صاحبزادہ فرحان (اسلام آباد یونائیٹڈ