
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
چیف آف آرمی سٹاف عاصم منیر نے پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ میں ٹیموں کی ذہنی، جسمانی برداشت اور صبر و تحمل کے اوصاف کو سراہا ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق کھاریاں گیریژن میں آٹھویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔
ساٹھ گھنٹوں پر مشتمل اس طویل ایکسر سائز کا مقصد شرکاء کی طرف سے اختراعی خیالات اور تجربات کے اشتراک کے ذریعے جنگی مہارتوں کو بڑھانا تھا۔
ایکسر سائز میں پاک فوج کی سات ٹیموں کے ساتھ پاک بحریہ کی ٹیم اور دوست ممالک کی 15 ٹیموں نے حصہ لیا۔
یہ ایکسرسائز پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں کی گئی۔ گزشتہ برسوں کے دوران، اس ایکسر سائز نے دوست ممالک کے لیے ایک انتہائی مسابقتی پیشہ ورانہ فوجی سرگرمی کے طور پر بہت اہمیت حاصل کی ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر جو کہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے مشق کے مختلف مراحل کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی برداشت اور اعلیٰ اخلاقی کارکردگی پر حصہ لینے والی ٹیموں کو سراہا۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک عوام پاک فوج کے ساتھ ہے کوئی ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
چیف أف آرمی سٹاف کا بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے تعاون کو شاندار خراج تحسین۔
اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں ایک طاقتور اور پرجوش خطاب میں، سی او اے ایس جنرل عاصم منیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تعاون کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
سی او ایس عاصم منیر نے اوورسیز کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “صرف سفیر ہی نہیں، بلکہ ایک ایسی روشنی جو دنیا کو روشن کرتی ہے۔” انہوں نے کہا کہ ’’برین ڈرین‘‘ کے بیانیے کو فروغ دینے والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ درحقیقت یہ ’’برین گین‘‘ ہے۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب کے دوران اہم قومی اور عالمی امور پر بھی بات کی۔ بلوچستان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے، چیف آف آرمی سٹاف منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ “دہشت گرد کی دس نسلیں بھی بلوچستان یا پاکستان کو غیر مستحکم نہیں کر سکتیں۔
ریاستی اداروں کے تقدس کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’جو لوگ سیکورٹی اداروں کے اندر بغاوت کو ہوا دیتے ہیں وہ پاکستان کے دشمن ہیں‘‘۔ انہوں نے مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ بندھن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔