ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن ایکس ۔ سلطانز نے جیت کا کھاتہ کھول لیا۔ قلندرز کو 33 رنز سے ہرادیا۔یاسر خان کی شاندار بیٹنگ ، عبید شاہ کی عمدہ بولنگ ۔

: محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن ایکس ۔ سلطانز نے جیت کا کھاتہ کھول لیا۔ قلندرز کو 33 رنز سے ہرادیا۔اس میچ کی خاص بات یاسرخان کی بیٹنگ اور عبید شاہ کی بولنگ میں عمدہ کارکردگی تھی۔اپنے ہوم گراؤنڈ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا میچ کھیلنے والی ملتان سلطان نے اس ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔اس سے قبل اسے اپنے تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان پی ایس ایل میں یہ 20 واں میچ تھا جن میں ملتان سلطانز نے 11 جیتے ہیں جبکہ لاہور قلندرز کو9 میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔منگل کی شب ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 228 رنز بنائے۔لاہور قلندرز جواب میں 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 195 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور یاسر خان نے شاہین ۔حارث اور زمان خان کے مضبوط بولنگ اٹیک کا جارحیت سے مقابلہ کیا

ملتان سلطانز کی اننگز میں کپتان محمد رضوان اور یاسر خان نے شاہین آفریدی۔ حارث رؤف اور زمان خان کے بولنگ اٹیک کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 89 رنز کا ُپراعتماد آغاز فراہم کیا جو اس پی ایس ایل میں پہلی وکٹ کی ریکارڈ پارٹنرشپ ہے۔محمد رضوان ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے32 رنز بناکر آصف آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔یاسرخان شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر87 رنز بناکر سکندر رضا کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔عثمان خان ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر رشاد حسین کی وکٹ بنے انہوں نے یاسرخان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 70 رنز کا اضافہ کیا۔رشاد حسین نے اپنی دوسری وکٹ ایشٹن ٹرنر کو 15 رنز پر آؤٹ کرکے حاصل کی۔ وہ 45 رنز کے عوض ان دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔افتخار احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر40 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں3 چھکے اور3 چوکے شامل تھے۔

قلندرز کی امیدوں کے مرکز فخر زمان جارحانہ 32 رنز بنا پائے اختتامی اوورز میں سکندر رضا کے تیزرفتار 50 رنز نے شکست کا مارجن کم کیا

لاہور قلندرز 229 رنز کے ہدف تک پہنچنے کے لیے فخرزمان سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کیے ہوئے تھی جو اپنے مخصوص انداز میں تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے32 رنز بناچکے تھے لیکن عبید شاہ ان کی اہم وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔اس سے قبل محمد نعیم11 رنز بناکر بریسویل کی وکٹ بنے۔بریسویل نے عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل کی36 رنز کی شراکت کا خاتمہ عبداللہ شفیق کو18 رنز پر آؤٹ کرکے کیا تو لاہور قلندرز کے لیے مشکلات بڑھ چکی تھیں۔سام بلنگز اور ڈیرل مچل لاہور قلندرز کی آخری امید تھے لیکن عبید شاہ نے ان دونوں کو آؤٹ کردیا۔ بلنگز کی وکٹ نے ملتان سلطانز کی میچ پر گرفت مزید مضبوط کردی۔سکندر رضا کے 50 رنز ناٹ آؤٹ ناکافی ثابت ہوئےملتان سلطانز اپنا پانچواں میچ آج 23 اپریل بروز بدھ کو اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے گی۔

  • Related Posts

    پاکستان سپر لیگ سیزن ایکس : بین الاقوامی کرکٹرز کی قیام گاہ سے سٹیڈیم تک کے ٹریولنگ روٹ پر سکیورٹی ہائی الرٹ۔ کنٹرول روم سے نگرانی

    :محمد ندیم قیصر…

    اپنی ٹیم سلطانز کے لیے کھیلا ، سنچری نہ ہونے کا دکھ نہیں ہے، یاسرخان۔سلطانز نے بیٹنگ باؤلنگ فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہتر پرفارمنس دی ۔ سکندر رضا

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *