
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ملائیشیا نے پاکستان کو سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں مدعو نہیں کیا۔ وجہ سامنے آ گئی۔سلطان اذلان شاہ کپ 22 سے 29 نومبر تک ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔
ملائیشین ہاکی فیڈریشن نے جوہر ہاکی ایسوسی ایشن کو 10ہزار 349 امریکی ڈالر کے واجبات کی عدم ادائیگی کے تناظر میں سالانہ اذلان شاہ کپ کے لیے پاکستان کو دعوت نہیں دی ہے۔ ذرائع کے مطابق جوہر ایسوسی ایشن نے پی ایچ ایف کو سخت الفاظ پر مشتمل سرکاری خط بھیجا ہے جس میں اکتوبر 2023ء میں ٹیم کے ساتھ ملائیشیا جانے والے پی ایچ ایف کے عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کی رہائش، سفر اور دیگر اخراجات کے لیے واجبات کی ادائیگی کرنے کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ پاکستانی ٹیم جوہر ہاکی کپ کھیلنے ملائیشیا گئی تھی اور ان کے اہل خانہ سمیت پی ایچ ایف حکام بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذمہ لگژری ہوٹل کے اخراجات کا معاملہ انٹرنیشنل فیڈریشن کو بھیجنے کی وارننگ۔
جوہر ایسوسی ایشن نے ملائیشین فیڈریشن کے ساتھ یہ معاملہ پہلے ہی اٹھایا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر واجبات کی ادائیگی نہ کی گئی تو معاملہ ایف آئی ایچ کے پاس لے جایا جائے گا۔دوسری جانب پی ایچ ایف کے موجودہ صدر صدر اور ان کی ٹیم تذبذب کی کیفیت میں ہے کیونکہ فیڈریشن پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے اور انہیں پی ایچ ایف کے سابق عہدیداروں کے ان اخراجات بارے علم بھی نہیں تھا۔ لیکن پی ایچ ایف کی موجودہ باڈی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کے قیام اور اخراجات منتظمین کو برداشت کرنے تھے تاہم پی ایچ ایف حکام جن میں سابق صدر بھی شامل تھے، انہیں واضح طور پر کہہ دیا گیا کہ انہیں اپنے قیام و طعام کے تمام اخراجات خود ادا کرنے ہوں گے۔ یہ اہلکار بھی اسی لگژری ہوٹل میں ٹھہرے جہاں ٹیمیں ٹھہری ہوئی تھیں۔