
محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں کلین سوئپ شکست کے باوجود شان مسعود کی کپتانی کو کوئی خطرہ دکھائی نہیں دے رہا ہے اور انہیں 17 جنوری سے ویسٹ انڈیز کے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کی کپتانی کیلئے تیار رہنے کا کہا گیا ہے شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کع گزشتہ برس اگرچہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انگلینڈ کے خلاف بھی ملتان سٹیڈیم پر پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز کی بدترین شکست کھائی تھی تاہم اگلے دونوں ٹیسٹ میچز جیت کر انگلینڈ کو 1ـ2 سے ہوم ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار کیا تھا انگلینڈ کے خلاف آخری دونوں ٹیسٹ میچز میں فتح سپن اٹیک کی مرہون منت ٹھہری تھی۔
اور اب پاکستان کرکٹ کے منتظمین نے ویسٹ انڈیز کو بھی اپنی ہوم سیریز میں سپن جال میں پھنسانے کا منصوبہ تیار کیا ہے انگلینڈ کو اکتوبر میں زیر کرنیوالے سپنرز نعمان علی اور ساجد خان کے ساتھ میجک باؤلر ابرار احمد کو ویسٹ انڈین بیٹر کے شکار کیلئے فرنٹ لائن باؤلرز کا سگنل دے دیا گیا دوسری طرف فاسٹ باؤلرز شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں ریسٹ کروائے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 17 جنوری سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے پہلے ہی پاکستان میں ہے۔پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ شکست کے بعد ملتان سٹیڈیم میں دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ویسٹ انڈیز کا سامنا کرنے والا ہے۔
جنوبی افریقہ سیریز کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے والے اوپنر صائم ایوب سیریز سے باہر ہو جائیں گے کیونکہ انہیں چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ عبداللہ شفیق کی صائم ایوب کی جگہ ٹاپ آرڈر پر واپسی کا امکان ہے۔ کپتان شان مسعود کی عبداللہ شفیق اور بابر اعظم کے ساتھ ٹاپ آرڈر کو جوائن کریں گے۔
مڈل آرڈر میں سعود شکیل۔ سلمان علی ۔ کامران غلام پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی صلاحیت پر انحصار کیا جائے گا۔
شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے سیریز سے باہر ہونے کا امکان ہے۔ شاہین کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے لیے آرام دیا گیا ہے جبکہ نسیم کو آئندہ سہ فریقی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے محفوظ کیا جا رہا ہے۔
ان کی غیر موجودگی میں جنوبی افریقہ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد عباس سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی جگہ برقرار رکھیں گے۔ میر حمزہ اور خرم شہزاد پاکستان کے پیس اٹیک کی قیادت کے لیے ان کے ساتھ شامل ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
سپن کے فرائض ساجد خان اور نعمان علی سنبھالیں گے جنہوں نے ہوم سیریز میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی تاریخی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے 16 رکنی حتمی سکواڈ میں حسیب اللہ خان (متبادل وکٹ کیپر)محمد حریرہ اور قاسم اکرم کو بھی جگہ ملنے کا امکان ہے۔