ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں مسلسل چار بار کی فائنلسٹ اور ایک بار کی چیمپئن ملتان سلطان پہلے مرحلہ میں ہی ایونٹ سے آؤٹ ۔کپتان محمد رضوان کا گلیڈی ایٹرز کے خلاف بیٹ کیری

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں مسلسل چار بار کی فائنلسٹ اور ایک بار کی چیمپئن ملتان سلطان پہلے مرحلہ میں ہی ایونٹ سے آؤٹ ہونیوالی پہلی فرنچائز بن گئی۔ 7 میں سے 6میچز میں شکست کھانے والی ملتان سلطان کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 10 وکٹوں سے دھول چٹا دی۔اس میچ کی خاص بات کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تیز بولر خرم شہزاد کی شاندار بولنگ تھی جنہوں نے23 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے چھ میچوں میں چوتھا میچ جیتا ہے اور یہ اس کی اس ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 14 واں میچ تھا جن میں ملتان سلطانز نے 9 جیتے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے5 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

سلطانز کے کپتان پی ایس ایل کی 10 سالہ تاریخ میں بیٹ کیری کرنیوالے پہلے بیٹسمین بن گئے۔ میچ کی پہلی گیند سے میچ وننگ شاٹ تک گراؤنڈ میں رہنے والے اکلوتے کرکٹر

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ دی سلطانز تین تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ۔ کرٹس کیمفر۔ اسامہ میر اور ڈیوڈ ولی کو شائی ہوپ۔ جوش لٹل اور عاکف جاوید کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔ملتان سلطانز 17 اوورز میں صرف 89 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اس کا سب سے کم سکور ہے اس سے قبل 2023ء میں وہ کراچی کنگز کے خلاف101 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے90 رنز کا ہدف ساتویں اوور میں کسی نقصان کے بغیر حاصل کرلیا۔ملتان سلطانز کی اننگز میں کپتان رضوان واحد بیٹر تھے جنہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولنگ کا ڈٹ کے مقابلہ کیا اور 44 گیندوں پر ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔وہ اوپنر کی حیثیت سے میدان میں اترے اور ایک اینڈ کو اپنی اننگز کی آخری گیند تک پچ پر موجود رہے اور اپنے سامنے دوسرے اینڈ سے ساتھی بیٹسمینوں کی آنیاں جانیاں دیکھتے رہ گئےمحمد رضوان نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے پی ایس ایل کی 10 سالہ تاریخ میں بیٹ کیری کرنیوالے پہلے بیٹسمین بن گئے۔انہوں نے یہ اعزاز بھی حاصل کیا کہ وہ میچ کی پہلی بال سے آخری بال تک میدان میں رہنے والے اکلوتے کرکٹر بن گئے ۔خرم شہزاد نے اپنے پہلے ہی اوور میں یاسر خان ( 5 ) اور عثمان خان ( صفر ) کو آؤٹ کردیا۔ انہوں نے اپنے اگلے ہی اوور میں کامران غلام ( 3 ) اور کرٹس کیمفر ( 4 ) کی وکٹیں بھی حاصل کرڈالیں۔دوسری جانب فہیم اشرف نے افتخار احمد ( 6 ) اور مائیکل بریسویل ( صفر ) کو آؤٹ کرکے ملتان سلطانز کو بڑا دھچکہ پہنچایا اور جب محمد وسیم جونیئر نے ڈیوڈ ولی ( 7 ) کو آؤٹ کیا تو سکور7 وکٹوں پر60 رنز تھا۔ اسامہ میر 11 اور حسنین 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تو ملتان سلطانز کا سکور9 وکٹوں پر 76 رنز تھا اور وہ پی ایس ایل میں اپنے سب سے کم سکور پر آؤٹ ہونے کے خطرے سے دوچار ہوچکی تھی اور پھر محمد وسیم جونیئر نے آخری بیٹر عبید شاہ ( 1 ) کو آؤٹ کرکے 89 رنز پر ملتان سلطانز کی اننگز ختم کردی۔

گلیڈی ایٹرز کے مین آف دی میچ خرم شہزاد کی 4 وکٹیں۔ سعود اور فن کی ناقابل شکست میچ وننگ 90 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ

گلیڈی ایٹرز کے ٹاپ وکٹ ٹیکر و مین آف دی میچ خرم شہزاد کی چار وکٹوں کے علاوہ فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔کپتان سعود شکیل اور فن ایلن نے 90 رنز کے جارحانہ اوپننگ سٹینڈ کے ذریعے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت کو آسان بنادیا۔سعود شکیل نے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز سکور کیے۔ فن ایلین نے 45 رنز بنائے جس میں2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔یہ دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔

پوائنٹس ٹیبل ایکس پر دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے پانچوں میچز جیت کر ایونٹ میں تاحال ناقابل شکست۔گلیڈی ایٹرز کا دوسرا نمبر

ملتان سلطانز اپنا آٹھواں میچ یکم مئی کو کراچی کنگز کے خلاف لاہور میں کھیلے گی جس کے بعد اس کے آخری دو لیگ میچز ملتان میں 5 مئی کو پشاور زلمی اور 11 مئی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہونگے۔دریں اثناء پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز کھیل کر تمام میں کامیابی کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 6 میچز میں 4 میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔لاہور قلندرز اور کراچی کنگز 6،6 میچز کھیل کر 3،3 میں کامیابیوں کے بعد بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

  • Related Posts

    پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پشاور زلمی کو ہرا کے تیسری فتح اپنے نام کی۔ فہیم اشرف 5 وکٹیں اڑا کر مین آف دی میچ قرار

    :محمد ندیم قیصر…

    ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی پانچویں شکست۔ کوالیفائرز میں شمولیت خواب۔ لیکن سلطانز نے فینز کو امید دلوادی

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *