
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے،بھارت سے حالیہ کشیدگی پر ہماری فوجی اور سول قیادت نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے پانی بند کرنے کی دھمکی اور حملے کا جواب ہم نے ایک قوم بن کر دیا۔کشیدگی سے قبل ہم نے بھارت سے پہلگام واقعہ پر ایک شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا لیکن بھارت نے ہمارا مطالبہ نہ مانا۔سیلف ڈیفنس میں کئے گئے اقدامات کو پوری قوم نے خراجِ تحسین پیش کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی ملک ہیں جن کے تصادم کے حق میں نہیں ہیں۔سفارتی محاذ پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کی ٹیم نے اپنے حالیہ امریکہ کے دورے پر پاکستان کے بیانیے کو احسن انداز میں پیش کر کے قوم کے دل جیتے ہیں۔بلاول بھٹو نے اپنے دورے میں واضح کیا کہ ہم امن پسند ملک ہیں اور جنگ نہیں چاہتے۔چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان کو بنایا اور اب ہم مل کر اس کی خوشحالی اور ترقی کےلئے کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں 1.7 ملین کی تعداد پاکستانیوں کی ہے ،ہاؤس آف لارڈز میں ہمارے 10 ممبرز ہیں ۔وہاں کے لارڈ میئر کا تعلق بھی پاکستان سے ہے ۔پاکستان کے لوگ وہاں محنت کرتے ہیں،اپنے ملک کا نام روشن کرتے ہیں،ہمیں ان پر بھی فخر ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے ہم حکومت کے ساتھ ہیں لیکن اگر اس بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ ملا تو ہم عوام کے ساتھ ہوں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فلسطین کے نہتے لوگوں اور ہمارے شہدا کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا۔عید قربان پر ان کو دعاؤں میں یاد رکھنا اور خراج تحسین پیش کرنا ہمارا فرض ہے۔ بعد ازاں سید یوسف رضا گیلانی نے ملکی خوشحالی ، سلامتی اور ترقی کےلئے دعا کروائی ۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی ،ممبر صوبائی اسمبلی رانا اقبال سراج سمیت رانا عبدالجبار، آصف نواز ورک،رب نواز ورک،چوہدری محمد حسین،رب نواز ورک بھی موجود تھے۔