
محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
عید الاضحی کے خوشی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ پر مسرت دن اللہ کی اطاعت میں سر تسلیم خم کرنے کا دن ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے عید پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ کا مبارک دن ہمارے ایمان، قربانی، ایثار اور بھائی چارے کے جذبے کو ازسرِ نوزندہ کرنے کا دن ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس دن کو ہمارے ملک اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے خیر، برکت، اتحاد اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم ؑاور حضرت اسماعیل ؑ کی بے مثال اطاعت، قربانی اور تسلیم و رضا کی یاد تازہ کرتی ہے۔ ان عظیم ہستیوں نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے آگے سرِ تسلیم خم کرکے اطاعت، وفاداری، ایثار اور قربانی کی ایک روشن مثال قائم کی۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں ہی ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی مضمر ہے۔ہمیں حضرت ابراہیمؑ کے ایثار و قربانی کی روح سے سبق سیکھنے اور اسے اپنی زندگیوں میں اُتارنے کی ضرورت ہے۔ آج ہمیں معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔ عید کے موقع پر قربانی کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم اپنے اطراف میں موجود ہر محتاج، بیمار،غریب اور مسکین فرد کا ہمیشہ خیال رکھیں گے۔ ہمیں اپنے رویّوں میں قربانی،محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ ہمیں بطور قوم ایک دوسرے کا سہارا بن کر، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہو کر پاکستان کو ایک عظیم اور خوشحال ملک بنانا ہے۔اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم بحیثیت ِقوم دلوں کو نفرت اور تعصب سے پاک کریں گےاور خلوصِ نیت سے ملک و ملت کی ترقی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، اور ہمیں ایک متحد اور مضبوط قوم بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
عید الاضحیٰ ایثار قربانی کا عظیم دن۔ بحیثیت قوم رواداری یکجہتی کو اپنانا ہو گا: وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام ۔

اپنی خواہشات کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے ہی قربان کردینے میں حقیقی کامیابی ہے :چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پیغام۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عیدالاضحی ٰکے بابرکت اور پرمسرت موقع پر پوری مسلم اُمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تا قیامت جاری رہے گی۔قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ٰہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اپنی خواہشات ، مفادات کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے ہی قربان کردینا حقیقی کامیابی ہے ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں ۔یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجے میں وجود میں آیا ۔ ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کےلئے یک جان ہونا چاہیے ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عید الا ضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں۔عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں ،شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں تک قربان کر دیں۔عید کے دن تمام مسلمان اللہ تعالیٰ سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں کےلئے خصوصی دعائیں کریں ۔ اللہ تعالیٰ اپنے کرم سے ان کے لئے آسانیاں پیدا فرمائیں ۔ میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔