
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ایف آئی ایچ ہاکی نیشنز کپ کوالالمپور میں پاکستان اور ملائیشیا کے مابین سنسنی خیز میچ تین تین گول سے برابری پر ختم ہو گیا۔ میچ کے چار کوارٹرز میں سے تین کوارٹرز میں 0ـ2 کی واضح برتری رکھنے کے بعد پاکستان آخری کوارٹر میں ملائیشیا کے جوابی حملوں کو ناکام بنانے میں ناکام رہا۔ ملائیشیا نے میچ کے آخری منٹوں کے کھیل میں نہ صرف پاکستان کی برتری کو ختم کیا بلکہ پاکستان کی طرف سے کیے گئے تیسرے گول کو بھی برابر کر دکھایا۔ چوتھے کوارٹر میں دونوں کے ٹیموں کی طرف سے کیے گئے چاروں گول نے میچ کی سنسنی خیزی کو عروج پر پہنچا دیا اور سٹیڈیم میں موجود حاضرین کی دم بخود دلچسپی بھی دیدنی تھی اور ملائشیا کے شائقین اپنی ہوم ٹیم کی شکست کی ہزیمت سے محفوظ رہنے پر حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے۔
نیشنز کپ کے لیگ میچ کے پہلے کوارٹر میں ملائیشیا کے ہوم گراؤنڈ پر ہوم کراؤڈ کی موجودگی میں پاکستان کا جارحانہ کھیل اور دو گول کی برتری حاصل کر لینا اور اس برتری کو دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں برقرار رکھنا یہ ثابت کرنے کیلئے کافی تھا کہ گرین شرٹس ٹیم صرف جیت کا عزم لے کر میدان میں اتری ہے تاہم ملائیشیا کی ٹیم نے چوتھے کوارٹر میں اب نہیں تو کبھی نہیں فارمولہ کے تحت میچ میں کم بیک کیا اور میچ کو تین تین گول کے حتمی سکور کے ساتھ برابری کی بنیاد پر ختم کر کے اپنے شائقین کیلئے خوشی کا ساماں پیدا کیا۔
پاکستان نے ملائیشیا کے خلاف میچ کے پہلے ہی کوارٹر میں بیک ٹو بیک دو گول کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔
میچ کی تفصیلات کے مطابق پاکستان نےملائیشیا کے خلاف بہترین ٹیم ورک کے ساتھ میچ کا آغاز کیا۔ندیم احمد اور رحمان عبدل نے بیک ٹو بیک گول کرکے اپنی ٹیم کو دو گول کی برتری دلائی اور ہوم ٹیم پر دباؤ ڈالا۔میچ کے پہلے تین کوارٹرز کے دوران پاکستان نے متاثر کن کنٹرول اور دفاعی لچک کا مظاہرہ کیا اور ملائیشیا کے جوابی بھرپور حملوں کو ناکام بنایا۔ان کے منظم کھیل اور تیز جوابی حملوں نے ملائیشیا کے سکورنگ کے مواقع کو ضائع کرتے رہے اور یہ میچ کا یہی منظر دکھائی دے رہا تھا کہ فائنل وسل پاکستان کی جیت کی وسلم ہو گی۔ تاہم میچ کے آخری کوارٹر میں ملائیشیا کی ٹیم مختلف مزاج اور موڈ کے ساتھ کھیلتی نظر آئی اور پاکستان کی دفاعی لائن کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یکے بعد دیگرے دو گول کر ڈالے ۔ میچ برابر ہوتے ہی پاکستان ٹیم نے جیت کی خواہش کے ساتھ تابڑ توڑ حملے کیے اور تیسرا گول کرنے میں کامیابی مل ہی گئی لیکن یہ برتری بھی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور ملائیشیا نے بھی تیسرا گول بھی اتار دیا جب میچ کی فائنل وسل بجائی گئی تو ڈرا میچ کا حتمی سکور تین تین گول تھا۔
دریں اثناء پاکستان کے شہر ملتان سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل امپائر کامران شریف چوہدری نے میچ بارے اپنے تبصرہ میں کہا کہ اگرچہ پاکستان بار بار برتری حاصل کرنے کے باوجود میچ نہ جیت پایا لیکن یہی جدید ہاکی کی خوبی ہے کہ فائنل وسل تک رزلٹ کسی کے بھی حق میں پلٹ سکتا ہے انہوں نے پاک ملائیشیا میچ کو جاپان اور فرانس کے درمیان نیشنز کپ کے میچ کا ری پلے قرار دیا ۔