
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال انتہائی تشویشناک اور خطے اور عالمی امن کے لئے بہت خطرناک ہے،پاکستان ایران پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتا ہے،عالمی برادری ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لئے فوری کردار ادا کرے،بھارت کے ساتھ جنگ میں اللہ تعالی نے ہمیں عظیم فتح دی ،بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے امریکا ، یورپ اور دیگر ممالک میں پاکستان کا موقف بھرپور طریقے سے پیش کیا ہے، سکیورٹی اداروں کی ضروریات پوری کریں گے،وفاقی بجٹ میں پی ایس ڈی پی کے لئے ایک ہزار ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے،آئی ایم ایف کو ہم نے بتا دیا تھا کہ زراعت پر کوئی ٹیکس نہیں لگنے دیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مزید کہا گیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی وجہ سے صورتحال انتہائی تشویشناک اور افسوسناک ہے، اسرائیل نے ہمارے ہمسایہ برادر ملک ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی ہے جس میں سینکڑوں افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں،عالمی برادری کو جنگ بندی کے لئے بھرپور کوششیں کرنی چاہئیں۔وفاقی کابینہ نے غزہ کی صورتحال کو بھی انتہائی تشویشناک اور افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ 50 ہزار سے زیادہ بچے، بوڑھے، خواتین ،نوجوان ،ڈاکٹرز اور انجینئرز شہید ہو چکے ہیں، غزہ میں ظلم اور بربریت ہو رہی ہے، عالمی ضمیر کب جاگے گا۔
آئی ایم ایف نے زرعی شعبہ پر ٹیکس عائد نہ کیے جانے بارے پاکستان کا مؤقف تسلیم کر لیا:وفاقی کابینہ۔
وفاقی بجٹ اور آئی ایم ایف کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ سرکاری مؤقف پیش کیا گیا کہ آئی ایم ایف کو آگاہ کردیا گیا تھا کہ زراعت پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا، نہ کھاد پر اور نہ ہی کیڑے مار ادویات پر ٹیکس لگے گا۔آئی ایم ایف نے ہمارے اس مؤقف کو تسلیم کر لیاکہ زراعت کا شعبہ پہلے ہی دباﺅ کا شکار ہے، اس کی ترقی کے لئے ہمیں یہ فیصلہ سنایا کرنا تھا ۔ 6 سے 12 لاکھ آمدن پر صرف ایک فیصد ٹیکس لگے گا جو کہ پچھلے سال پانچ فیصد تھا ،بجٹ میں تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ کہ بھارت کے ساتھ جنگ میں اللہ تعالی نے ہمیں عظیم فتح دی ہے، اللہ تعالی کے فضل و کرم، افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی اور 24 کروڑ عوام کی والہانہ محبت اور حمایت سے ہم نے اس جنگ میں کامیابی حاصل کی، دہشت گردی کے خلاف بھی جنگ کے لئے پر عزم ہیں، اس مشن سے افواج پاکستان کو ضروری ساز و سامان کی فراہمی کے لئے مالیاتی گنجائش کو بجٹ میں بڑھایا گیا ہے کیونکہ یہ وقت کی ضرورت ہے۔
ہم ان میں سے نہیں جو وعدہ خلافی کر کے ملک کی معیشت کو دیوالیہ ہونے کے قریب لے گئے تھے:وفاقی کابینہ ۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ پی ایس ڈی پی کا حجم بھی ایک ہزار ارب روپے رکھا گیا ہے، چیلنجز کے باوجود ایک معاہدہ کیا گیا ہے اسے پورا کرنا ہے، ہم ان میں سے نہیں جو وعدہ خلافی کر کے ملک کی معیشت کو دیوالیہ ہونے کے قریب لے گئے تھے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ہم نے 2023 ءمیں نہ صرف ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ آج ملک ترقی کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک وفد بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ملک کا موقف پیش کرنے کے لئے بیرون ملک گیا تھا ، وفد نے مختلف ممالک میں جا کر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی، امریکا ، یورپ اور دیگر ممالک کا دورہ کیا، بلاول بھٹو زرداری اور وفد کے تمام ارکان کی کاوش کو سراہتے ہیں کہ انہوں نے بیرون ملک پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی۔
گردشی قرضے ختم کرنے کیلئے مالیاتی سکیم کی منظوری، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین۔
اوفاقی کابینہ نے اگلے چھ برسوں میں 1,275 بلین روپے کے گردشی قرضے ختم کرنے کیلئے پاکستان کی سب سے بڑی مالیاتی سکیم کی منظوری دی اور یہ طے پایا کہ اس سکیم کا قومی بجٹ پر بوجھ نہ پڑنے پائے۔ کمال الدین ٹیپو کو کمیشن برائے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو روش پاور پلانٹ کے حصول کے تناظر میں مختلف خدمات کی خریداری کے لئے پاکستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2002ء کے سیکشن 21 کے تحت استثنیٰ دینے کی منظوری بھی دی ۔ وفاقی کابینہ نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ امریکہ کے دوران امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کی تعریف کی۔ وزیرِاعظم نے امریکہ میں مقیم پاکستانی برادری سے خطاب میں فیلڈ مارشل کو پاکستان کی سرحدوں و مفادات کے دفاع کیلئے پختہ عزم کے اظہار پر خراج تحسین پیش کیا۔وفاقی کابینہ نے اگلے مالی سال کے عوام دوست وفاقی بجٹ پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی کابینہ نے اس سال حج بیت اللہ کے موقع پر شاندار انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی خدمات کو سراہا وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام کی بحالی کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کی سب سے بڑی مالیاتی سکیم کی منظوری دے دی ، یہ سکیم گردشی قرضے کے خاتمے کے لئے ملک کے توانائی کے شعبے کی اصلاحات میں ایک اہم قدم ہے، اس سکیم کا مقصد قومی بجٹ پر نیا مالی دباؤ ڈالے بغیر اگلے چھ سالوں میں 1,275 بلین روپے کے گردشی قرضے کو ختم کرنا ہے، اس سکیم کے تحت پاور ہولڈنگ کمپنی کی 683 ارب روپےکی ری فنانسنگ کی جائے گی اور انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے بقایا جات کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر کمال الدین ٹیپو کو کمیشن برائے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز کا چیئرپرسن تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو روش پاور پلانٹ کے حصول کے تناظر میں مختلف خدمات کی خریداری کے لئے پاکستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2002 کے سیکشن 21 کے تحت استثنیٰ دینے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 21 مئی 2025 کو ہوئے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔