
:محمد ندیم قیصر (ملتان
: تفصیلات
نیشن ز کپ 2025ء کوالالمپور کے سیمی فائنل میں حادثاتی طور پر پہنچنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کو آج سیمی فائنل میں ایک اور کڑے امتحان کا سامنا ہے اور وہ یہ کہ پاکستان آج سیمی فائنل میں ٹورنامنٹ کی ہارٹ فیورٹ ٹیم فرانس کے مدمقابل ہو گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور کوریا کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔گروپ راؤنڈ میچز میں چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو فرانس اور نیوزی لینڈ دونوں گروپ لیڈر ٹیموں کی کارکردگی بہترین رہی ہے بلکہ ان دونوں ٹیموں نے ایسے ہارے ہوئے میچز میں بھی کم بیک کیا ہے کہ جب یہی خیال کیا جارہا تھا کہ یہ دونوں ٹیمیں اپنے لیگ میچز میں تقریباً شکست کھا چکی ہیں اور صرف فائنل وسل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری لیگ میچ کا احوال یہی ہے کہ پاکستان کو ابتدائی دو کوارٹرز کے کھیل میں نیوزی لینڈ پر 3ـ1 کی واضح برتری حاصل تھی اور پاکستان کی ٹیم بال کنٹرول اور حملے کرنے کی ایوریج میں بھی بہتر جارہی تھی کہ اچانک ایسا ہوا کہ نیوزی لینڈ نے تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے پاکستان کی دفاعی لائن کو اتنا کمزور کر ڈالا کہ تین گول کی گنجائش نکل آئی اور پاکستان کو فائنل وسل ہونے تک تین کے مقابلے میں چار گول کے خسارہ کا سامنا تھا ۔ وہ تو بھلا ہو جاپان کا کہ بھلے ملائیشیا سے بھی آخری پول میچ ہار گیا لیکن ہارتے ہارتے ایک گول کر گیا اور جیت کا مارجن 1ـ2 ہونے کے باوجود ملائیشیا فائنل فور میں اپنی جگہ نہ بنا سکا اور پاکستان کو ملائیشیا کے 8 گول کے مقابلے میں مجموعی طور پر ایک گول کی برتری کے باعث 9گول کے ساتھ سیمی فائنل کوالیفائی کا سنہری موقع مل گیا۔
پاکستان ابتدائی دو کوارٹرز کے کھیل میں مکمل حاوی لیکن آخری دو کوارٹرز میں واضح گول برتری شکست میں تبدیل۔
نیشن ز کپ 2025ء میں پاکستان کی لیگ راؤنڈ کے تین میچز میں ٹیم ورک کا جائزہ لیا جائے تو یہی خلاصہ بنتا ہے کہ پاکستان کی ٹیم تینوں میچز میں بالترتیب ملائیشیا ۔ جاپان اور نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے دونوں تینوں کوارٹرز میں شاندار کھیلی گول برتری حاصل کی لیکن تیسرے اور چوتھے کوارٹرز میں پاکستانی ٹیم گول بڑھانے اور مد مقابل ٹیموں کے حملے روکنے میں اس حد تک ناکام ہوئی کہ ملائیشیا کے خلاف جیتا ہوا میچ 3ـ3 گول سے ڈرا کروالیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف 4ـ3 کی برتری سے شکست کھالی۔ سیمی فائنل میں فرانس کی ٹیم پاکستان کی آخری دونوں کوارٹرز میں کمزور کارکردگی کی کمزوری سے فائدہ اٹھانے کی پلاننگ کرے گی۔ فرانس نے اپنا پہلا لیگ میچ کوریا سے ابتدائی تین کوارٹرز میں ہارنے کے باوجود چوتھے اور آخری کوارٹر میں اضافی گول کر کے 5 کے مقابلے میں 6 گول سے کامیابی اپنے نام کی تھی گویا کہ کوریا کو بھی پاکستان کی طرح آخری کوارٹرز کے کھیل میں گول برتری کو سنبھالنے اور جیت مشن پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہےجس کا فائدہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مل سکتا ہے جو آخری وسل تک میچ میں واپسی اور نتیجہ اپنے حق میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔