کام کی جگہ پر ہراسانی کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابلِ قبول:وفاقی محتسب پاکستان فوزیہ وقار۔

: محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

وفاقی محتسب پاکستان فوزیہ وقار نے کہا ہے کہ کام کی جگہ پر ہراسانی کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ ہر فرد کو اپنے کام کے ماحول میں عزت، وقار اور تحفظ کے ساتھ کام کرنے کا حق حاصل ہے۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے تحفظ خواتین اس مقصد کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے تاکہ خواتین اور مرد ملازمین کو ہراسانی جیسے منفی رویوں سے محفوظ رکھا جا سکے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے ایک خوشگوار اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہی تھیں۔سیمینار میں نظامت کے فرائض ڈائریکٹر ٹریننگ و امتحانات میپکو سہیل عباس نے سرانجام دئیے جبکہ لیگل ایڈوائزر وفاقی محتسب شاہ زیب نے ہراسمنٹ ایکٹ بارے مفصل بریفنگ دی اور سوالات کے جواب بھی دئیے۔ اس موقع پر شعبہ ایڈمن، ہیومن ریسورس، لیگل، پبلک ریلیشنز، ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی، فنانس، پلاننگ، آئی ٹی، کنسٹرکشن، آپریشن، کمرشل، کسٹمرسروسز سنٹر، کانفیڈنشل، ایڈمن اینڈ سروسز، آڈٹ اور دیگر شعبوں کے افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔وفاقی محتسب پاکستان فوزیہ وقار نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری صرف شکایات کا ازالہ کرنا نہیں بلکہ اداروں کے اندر ایسا نظام تشکیل دینا ہے جو ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کرے اور ہر فرد کو اس کے قانونی حقوق سے آگاہ کرے۔ ہم سب کو مل کر ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں ہر فرد اپنی قابلیت اور مہارت کے مطابق آزادانہ اور محفوظ طریقے سے کام کر سکے۔

میپکو میں کسی بھی قسم کی ہراسانی یا غیر اخلاقی رویے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی۔

جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ کام کی جگہ پر ہراسانی کے خاتمے اور محفوظ، مثبت ماحول کے قیام کے لیے میپکو انتظامیہ پرعزم ہے۔ میپکو میں کسی بھی قسم کی ہراسانی یا غیر اخلاقی رویے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور تمام افسران و ملازمین کو اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے کام کی جگہ پر عزت و احترام اور ذہنی سکون کے ساتھ فرائض انجام دینے کا حق حاصل ہے۔ ملازمین کو چاہیے کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی ہراسانی یا بدسلوکی کا سامنا ہو تو وہ بلا خوف و خطر فوری طور پر ادارے کے سربراہ سے رجوع کریں تاکہ ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ میپکو وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے تحفظ خواتین کے ساتھ مل کر آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا ہے تاکہ ملازمین کو ان کے قانونی حقوق اور تحفظات سے مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن میاں سہیل افضل نے میپکو نے تمام ملازمین پر زور دیا کہ وہ باہمی احترام، تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ ادارے کے ماحول کو مثالی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد شرکاء میں ہراسانی کے خلاف قانونی حقوق اور تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کرناہے تاکہ ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ایسے سیمینارز کا باقاعدہ انعقاد معاشرتی بہتری اور محفوظ ورک پلیس کے قیام کے لیے نہایت ضروری ہے۔

  • Related Posts

    زرعی پیدوار میں اضافے اور زرعی اصلاحات کیلئے جامع لائحہ عمل طلب ۔

    : محمد ندیم…

    سپین میں پاکستان کے وزیر خزانہ کی مختلف وفود سے ملاقات۔ مالیات، تجارت، ماحولیاتی استحکام پر زور۔

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *