
:محمد ندیم قیصر ( ملتان)
: تفصیلات
ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل فورسز نے گلگشت سب ڈویژن ملتان اور بغداد سب ڈویژن بہاولپور کے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجدنوازبھٹی اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں گلگشت سب ڈویژن ملتان کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ ایکس ای این موسیٰ پاک ڈویژن ملتان انجینئر غلام محی الدین میتلا اور ایس ڈی او گلگشت سب ڈویژن محمد اکرام سیال کی سربراہی میں میپکو ٹیم نے رینجرز اور پولیس فورس کے ہمراہ گلیکسی ٹاؤن، زکریاٹاؤن، احمد آباد، پٹھان مارکیٹ، نواب پورروڈ، کہکشاں سٹریٹ اور حیدریہ روڈ پر نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ 10رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز گھریلو اور کمرشل صارفین سے 16لاکھ 61 ہزارروپے سے زائد رقم وصول کرلی۔
سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی میں بغداد سب ڈویژن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ ایکسین سٹی ڈویژن بہاولپور عزیز احمد شیخ اور ایس ڈی اوبغداد سب ڈویژن محمد جمیل کی سربراہی میں ٹیم نے مدی قاسم شاہ، جھوک احمد بخش، اڈا سبیل، جھانگی والا روڈ اور ڈیرہ بکھا میں لاکھوں روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 10رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کے کنکشنز منقطع کرکے میٹرز اور تاریں اُتارلیں۔ چیکنگ کے دوران 3افراد ڈائریکٹ کنڈی سسٹم سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں قبضہ میں لے لیں اور ان کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دی گئیں۔