
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجد نوازبھٹی نے محکمانہ فرائض میں غفلت برتنے اور سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 2اہلکاروں کو معطل کردیاہے اور انہیں فوری طورپر ملتان سرکل آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ معطل کیے جانیوالوں میں شاہ رکن عالم سب ڈویژن ملتان کے لائن سپریٹنڈنٹ گریڈ IIمحمد اکرم بٹ اور لائن مین گریڈ IIبرکت علی شامل ہیں ۔ دونوں اہلکاروں کے خلاف پاکستان واپڈا ایمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت محکمانہ کاروائی کرنے کے لئے ایگزیکٹو انجینئر آپریشن شاہ رکن عالم ڈویژن کو ہدایات جاری کردی ہیں ۔
سیفٹی ایس اوپیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں , ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ممکن بنایاجائے: میپکو ملتان سرکل اجلاس ۔
سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجد نوازبھٹی نے کہا ہے کہ سیفٹی ایس او پیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے ۔ دورانِ ڈیوٹی تمام سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ممکن بنایا جائے۔ اگر کسی بھی قسم کا حادثہ رونما ہوا اور اس میں کسی ایس ڈی او/ اہلکار کی غفلت یا لاپروائی ثابت ہوئی تو اسے ملازمت سے برطرف کیا جائے گا۔لائن سٹاف ہمارا اثاثہ ہیں انکی حفاظت کے لئے اعلیٰ معیار کے ٹول اینڈ پلانٹس اور پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹس فراہم کئے جارہے ہیں جن کا استعمال کروانا لائن سپروائزرز اور ایس ڈی اوز کی ذمہ داری ہے ۔ تمام ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز فیلڈ میں چیکنگ کریں اور اس کی رپورٹس روزانہ سرکل آفس بھجوائیں ۔ وہ میپکو ملتان سرکل میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے کمرشل ایریاز میں رات کے وقت اچانک چیکنگ کی جائے اور خصوصی طورپر بڑے شاپنگ سنٹرز، برانڈز، پلازوں، پرائیویٹ ہسپتالوں، لیبارٹریز اور تجارتی مراکز کے ٹرانسفارمرز اور لوڈ کی چیکنگ کی جائے ۔
میپکو نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کے لئے بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب۔
میپکو نادہندگان سے واجبات وصول کرنے کے لئے رینجرز اور پولیس فورسز کے ہمراہ آپریشن کیاجائے ۔ انہوں نے تمام ڈویژنوں کے ایکسین کو ہدایت کی کہ جولائی 2025ء کے لائن لاسز اور ریکوری اہداف حاصل کرنے کے لئے مہینے کے آغاز سے ہی محنت کی جائے اورہر سب ڈویژن کو اپنے مقررہ لائن لاسز کا ہدف حاصل کرنے کا پابند کیاجائے۔ نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کے لئے بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی جا ئیں۔سپریٹنڈنگ انجینئر نے کہا کہ ضلع بھر کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پرسکیننگ میٹرز کی تنصیب کا عمل تیز کیا جائے اور ٹرانسفارمر کی نگرانی کو خودکار نظام کے تحت لایا جائے گا تاکہ چوری کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد عارف وینس، ڈپٹی کمرشل منیجر سرور انصاری، ایڈیشنل ایکسین کسٹمر سروسز تاج محمود قمر، ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن غلام محی الدین میتلا، ایکسین کینٹ ڈویژن بابر علی گجر، ایکسین سٹی ڈویژن معصب علی سلیمی، ایکسین ممتازآبادڈویژن فیاض حسین کھوکھر اور ایکسین شاہ رکن عالم ڈویژن محمد علی یاسر نے شرکت کی ۔