
: محمد ندیم قیصر(ملتان)
: تفصیلات
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ہارون سعید بھی موجود تھے۔ملاقات میں قومی کھیل ہاکی کے فروغ، بہتری اور بحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھیل کے کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں مالی تحفظ حاصل ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ہاکی کو سالانہ سپورٹس کیلنڈر میں شامل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کی بحالی کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
خضرافضال چوہدری کا کہنا تھا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے تمام پروگرامز میں ہاکی کو نمایاں اہمیت دی جا رہی ہے اور سمر سپورٹس کیمپ میں بچوں کو ہاکی کی باقاعدہ تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی کھیل کی ترقی کیلئے ہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ نیشن کپ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم اور انڈر 18 ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے امید کی نئی کرن جگائی ہے۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی نے اس موقع پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہاکی کی ترقی کے لیے تمام اضلاع کے دورے کیے جا چکے ہیں۔ ہم ہاکی سے کرپشن اور گروپ بندی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور مستقبل میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ مل کر ہاکی کو دوبارہ عروج پر لے جانے کیلئے بھرپور محنت کریں گے۔