
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
انرویل ڈسٹرکٹ 340 کی چیئرمین رضوانہ ملک اور ڈسٹرکٹ سیکرٹری مسز صالحہ پاشا نے کہا ہے کہ 14 اگست کا دن ہمیں نہ صرف آزادی کی قدر و قیمت یاد دلاتا ہے بلکہ یہ اس عہد کی تجدید کا بھی موقع ہے کہ ہم اپنے بزرگوں اور قیامِ پاکستان کے لیے جان و مال کی قربانیاں دینے والے رہنماؤں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن جھنڈوں کے ساتھ ساتھ پودے بھی تقسیم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے، کیونکہ شجر کاری نہ صرف ماحول کے لیے اہم ہے بلکہ یہ وطن سے محبت کی ایک عملی شکل بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، اگر ملک محفوظ ہے تو ہم محفوظ ہیں۔پاکستان ہماری پہچان ہے اور اس کی امن و سلامتی کے لیے ہمیں اپنی زندگیاں وقف کرنے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔’ رضوانہ ملک اور مسز صالحہ پاشا نے افواجِ پاکستان کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاک فوج ہی ہے جو پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے۔ہم اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر مشکل وقت میں اس کا ساتھ دیں گے۔’78ویں یوم آزادی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو حب الوطنی، اتحاد اور قربانی کا پیغام دینا ہوگا تاکہ آنے والے وقت میں بھی وطن کی حفاظت اور ترقی کا سفر جاری رہے۔یہ بات انہوں نے مکس انسٹی ٹیوٹ میں انرویل ڈسٹرکٹ 340 کے زیر اہتمام شروع ہونے والی 3 روزہ جشنِ آزادی تقریبات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس تقریب میں انرویل کے تمام کلبز کی عہدیداران شریک ہوئیں۔ پروگرام کے دوران ملی نغمے پیش کیے گئے، شرکاء میں جھنڈیاں، قومی پرچم اور دیگر قومی رنگ و خوشبو سے مزین اشیاء تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے پاکستان کی سالمیت اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔