
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا ہے کہ انجینئر چوہدری خالد محمود کی بطور سی ای او آئیسکو تعیناتی میپکو کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ میپکو کے قابل اور محنتی انجینئرز نے اپنی کارکردگی کا لوہا پورے پاور سیکٹر میں منوایاہے ۔ آئیسکو کے نئے تعینات ہونے والے سی ای او نہ صرف کمپنی کے امور بہترین طریقے سے چلائیں گے بلکہ اپنی صلاحیتوں سے کمپنی کی کارکردگی میں بھی اضافہ کریں گے ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں جنرل منیجر آپریشن /ٹیکنیکل میپکو انجینئر چوہدری خالد محمودکی بطور سی ای او آئیسکو تعیناتی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر چوہدری خالد محمود نے میپکو کے امور بہترین طریقے سے چلائے اور کمپنی کی کارکردگی کو نمایاں کرنے میں اپنا کردار ادا کیا٬ میپکو انتظامیہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو تعینات ہونے والے انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہاکہ میں میپکو سے حاصل کیاگیا تمام تجربہ آئیسکو کی بہتری کے لئے استعمال کروں گا اور آئیسکو کے اہداف حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کروں گا ۔انہوں نے اپنے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کرنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد اور میپکو انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں نظامت کے فرائض ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن میاں سہیل افضل نےانجام دیئے ۔ چیف انجینئر کسٹمرسروسز سید جواد منصوراحمد، چیف انجینئر او اینڈ ایم محمد شہزاد راعی، چیف انجینئر ٹی اینڈ جی اکرم سیال، چیف انجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ ملک اشفاق اعوان اور چیف فنانشل آفیسر میاں انصار محمود نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر انجینئر چوہدری خالد محمود کو شیلڈ دی گئی اس موقع پر تمام شعبوں کے افسران /سربراہان /انچارج بھی موجودتھے ۔