
محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
پاکستان ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محفوظ ٹوٹل تک پہنچانے کیلئے کوشاں ففٹی میکر محمد رضوان نے میچ کا فیصلہ تین دن میں ہو جانے کی پیشگوئی کر دی ان کا کہنا ہے کہ جس ٹیسٹ میچ کی پہلی گیند ہی سپنر کروائے اور ایک ایک رنز بنانا مشکل پڑ جائے تو پھر پہلی اننگز میں جتنا بھی ٹوٹل بن جائے غنیمت ہے ۔ 19 برسوں کے بعد پاکستان میں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے پہلے ملتان ٹیسٹ کیلئے سپنرز کیلئے سازگار پچ کا دفاع کرتے ہوئے محمد رضوان کا مؤقف تھا کہ یہ پچ ہماری مرضی کی پچ ہے جیسے دیگر ممالک کے ٹور پر ان کی مرضی کی پچ پر ہمیں کھیلنا پڑتا ہے ۔ہم نے بھی اپنی ہوم کنڈیشن کا فائدہ اٹھایا ہے۔ سپن پچ پر ویسٹ انڈیز کے فاسٹ باؤلر کو وکٹیں ملنا اور پاکستان سکواڈ میں نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے نہ ہونے سے متعلق سوال پر محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم نے سپن سپورٹیڈ پچ کیلئے بہترین تین سپنرز ساجد خان۔ نعمان علی اور ابرار احمد کا انتخاب کیا اور شاہین ۔نسیم شاہ کو فروری میں شیڈولڈ چیمپئن ٹرافی کیلئے بھرپور تیاری کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل میں یکے بعد دیگرے چار وکٹیں کھو دینے کے بعد اننگز ڈیویلپمنٹ اور پانچویں وکٹ کیلئے اپنے ففٹی میکر پارٹنر سعود شکیل کے ہمراہ ناقابل شکست 97 رنز کی پارٹنر شپ کو ٹیم کیلئے کار آمد قرار دیا اور کہا کہ سعود شکیل نے کراچی میں کرکٹ کھیلی ہے اور سپن سمیت ہر طرح کی صورت حال میں وہ پرفارم کرنے کا ہنر بخوبی جانتا ہے۔