سی سی آر آئی فارمرز ایڈوائزری کمیٹی ملتان کا پانچواں اجلاس،کپاس کے کاشتکاروں کے لئے31 اگست تک کی سفارشات جاری

: محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا،جس کی صدارت ڈائریکٹر سی سی آر ملتان مس صباحت حسین نے کی۔اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے زرعی ماہرین نے شرکت کی اور ملکی سطح پر کپاس کی مجموعی صورتحال اور کپاس کی نگہداشت کا جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کے لئے 31 اگست تک کی سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس میں مون سون کی بارشوں سے کپاس کی فصل پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا اور کاشتکاروں کو سفارشات پیش کی گئیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کپا س کے کاشتکار 31 اگست تک کھادوں کا استعمال مکمل کرلیں۔ ا س وقت کپاس کی فصل میں پھول، گڈی، ٹینڈے بننے کا عمل تیزی سے جاری ہے، لہذا اس مرحلے پر فصل کو پانی اورکھادوں کی کمی نہ آنے دیں۔ بارشوں کی وجہ سے بعض جگہوں پر کپا س کی فصل پرمرجھاو کا عمل دیکھنے میں آ رہا ہے لہذا کپا س کے کاشتکاروں کو چاہیئے کہ وہ مرجھاو کے تدارک کے لئے ڈی اے پی ایک کلوگرام، کین گوارا ایک کلوگرام، پوٹاشیم نائٹریٹ ایک کلوگرام، میگنیشیم سلفیٹ500گرام، زنک سلفیٹ300 گرام اور بوریکس250 گرام کا علیحدہ علیحدہ محلول بنا کر ان سب کو 100لٹر پانی میں ملا کر فی ایکڑ کے حساب سے کھیت میں سپرے کریں اور 7 دن کے وقفہ سے دوبارہ سپرے کریں۔ یا پھر دوسرا طریقہ مرجھاو کے تدارک کے لئے کاشتکار کوبالٹ کلورائیڈ یا سلور نائٹریٹ بحساب 1گرام، 100 لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کاشتکار متوقع بارش کی صورت میں آبپاشی سے اجتناب کریں یا اگر فصل پانی کی کمی کاشکار ہے تو ہلکی آبپاشی کی جائے۔ بارش ہونے کی صورت میں نکاسی آب کا مناسب انتظام کریں اور کھیت میں 24 گھنٹے سے زائد بارش کا پانی ہرگز نہ کھرا ہونے دیں۔ جب کھیت میں 60فیصدث سے زائد ٹینڈے کھل جائیں تو چنائی کا عمل مکمل کریں اور تاخیر ہرگز نہ کریں۔

چنائی کے بعد بارش سے متاثرہ کپاس کو دوسری چنائی والی کپاس میں مکس نہ کیا جائے بلکہ دونوں چنائی والی کپاس کو علیحدہ علیحدہ خشک کیا جائے۔ خشک ہوجانے والی کپاس کی جننگ مکمل کر لیں اور بیج کودھوپ لگوا کر اچھی طرح خشک ہونے کے بعد محفوظ کیا جائے۔ اجلا س میں کاشتکاروں کو سفارشات پیش کی گئیں کہ وہ بیج کے لئے لگائی گئی کپاس میں روگنگ کا عمل ضرور کریں۔کاشتکار اگلے سیزن کے لئے 80فیصد سے کم جرمینیشن والا بیج ہرگز نہ رکھیں۔ اجلاس میں سفید مکھی سے بچاؤ کی صورت میں پیلے لیس دار چپکنے والے پھندے بحساب 10عددٹ فی ایکڑ کے استعمال کی سفارشات پیش کی گئیں۔

سفید مکھی کے حملہ کی صورت میں کاشتکار سپائروٹیٹرامیٹ125ملی لٹر+بائیو پاور250ملی لٹر یا فلونیکا مڈ80گرام یا پائری پروکسی فن 400تا 500 ملی لیٹر یا سینٹرا نیلی پرول+ڈائی فینتھرون 300ملی لیٹربحساب100 لٹر پانی فی ایکڑ سپرے کریں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ایسی فصل جہاں ڈوڈی بننے کا عمل شروع ہوچکا ہے وہاں گلابی سنڈی کا حملہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ کپاس کے کاشتکار گلابی سنڈی کی مانیٹرنگ کے لئے1جنسی پھندہ فی پانچ ایکڑلگائیں جبکہ مینجمنٹ کے لئے8جنسی پھندے فی ایکڑ کے حساب سے لگائے جائیں۔ گلابی سنڈی کا حملہ معاشی حد کو پہنچ جائے تو کاشتکار سینٹرانیلی پرول+ لیوفینوران کا مکسچر80 ملی لٹر یا سپنٹورام 100ملی لٹریا گیما سائی ہیلو تھرین100ملی لٹر بحساب 100لٹر پانی فی ایکڑ اسپرے کریں۔ ملی بگ کے حملہ کی صورت میں کاشتکار پروفینو فاس 70ملی لٹر یا کلوتھیان ڈن40ملی لٹر فی 20لٹر پانی کی ٹینکی کے ساتھ متاثرہ پودوں اور ارد گرد کے پودوں پر سپرے کریں۔ سبز تیلے کے حملہ کی صورت میں ڈائی نوٹیفرون 100گرام یا فلونیکا مڈ 60گرام بحساب100لٹر پانی فی ایکٹرسپرے کریں۔حالیہ دنوں میں کہیں کہیں پر لیس بگ کا حملہ دیکھنے میں آرہا ہے جو کپا س کے پتوں کا رس چوس کر پودوں کو کمزورکرتے ہیں۔لیس بگ کے تدارک کے لئے کاشتکار کلوتھیان ڈن40ملی لٹر فی 20لٹر پانی کی ٹینکی کے ساتھ متاثرہ پودوں پر سپرے کریں۔

اجلاس میں سی سی آر آئی ملتان کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل، ساجد محمود،ڈاکٹر محمد اکبر، ڈاکٹر نور محمد، جنید خان ڈاہا اور شبانہ وزیر سائنٹفک آفیسرز نے شرکت کی۔

  • Related Posts

    انصاف کرو کہ یہ تقوی کے قریب ہے٬ ہائیکورٹ چوک میں دلکش مینار کا افتتاح

    : محمد ندیم…

    عوام ایکسپریس حادثہ بارے تحقیقات کا آغاز ٬ایف جی آئی ریلویز عامر نثار چودھری انکوائری افسر مقرر٬

    : محمد ندیم…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *