سرائیکی صوبے کی شناخت کو مسخ کرنے کیلئے بارہ صوبوں کا شوشہ چھوڑا گیا:سرائیکستان قومی کونسل

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

سرائیکی صوبہ تحریک کو سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ سرائیکی صوبے کی شناخت کو مسخ کرنے کیلئے بارہ صوبوں کا شوشہ چھوڑا گیا۔ اس لیے ہم سرائیکستان رابطہ مہم شروع کرکے اپنے لوگوں کے پاس جا رہے ہیں۔ جب تک صوبہ نہیں بنے گا خاموش نہیں رہیں گے۔ اہل وسیب کی طرف سے بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر صدمے کا اظہار کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کی طرف سے سرائیکستان رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے ملتان تا جھنگ کے سلسلے میں منعقد کئے گئے مشاورتی اجلاس سے ظہور دھریجہ، پروفیسر ڈاکٹر مقبول حسن گیلانی، ڈاکٹر خالد اقبال، سردار منظور خان بلوچ اور عابد سیال نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ سرائیکستان رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ سرائیکستان کیلئے اٹھنے والے قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ڈاکٹر مقبول حسن گیلانی نے کہا کہ وسیب میں بسنے والے تمام لوگ صوبے کیلئے متحد ہو چکے ہیں۔ جھنگ تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی طور پر ہمیشہ وسیب کا حصہ رہا ہے۔ جھنگ کو وسیب سے الگ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سے میانوالی سرائیکستان رابطہ مہم کا پہلا مرحلہ بہت کامیاب رہا۔ تحریک کو نئی زندگی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکستان رابطہ مہم میں جگہ جگہ تمام طبقات شریک ہوں گے۔ تاہم سرائیکی جماعتوں کے سربراہ قافلے کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی، (ن) لیگ، تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کو سرائیکستان رابطہ مہم میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سرائیکستان رابطہ مہم میں ہر آئے دن جو ش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی، سینیٹر رانا محمود الحسن، ملک عامر ڈوگر اور وسیب کے دیگر ارکان اسمبلی کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ اگر مصروفیت کے باعث سرائیکستان رابطہ مہم کے سلسلے میں ملتان سے جھنگ تک چار دن کا ساتھ نہیں دے سکتے تو کم از کم 29 اگست صبح دس بجے دربار شاہ رکن عالم سے قافلے کو روانہ کریں۔ قافلے میں سرائیکی قائدین خواجہ غلام فرید کوریجہ، عاشق خان بزدار، اکبر خان انصاری، منظور خان دریشک، ڈاکٹر نعمان طیب، ملک خضر حیات ڈیال، سجاد خان ملکانی، اکبر خان کھوسہ و دیگر موجود ہوں گے۔ قافلے میں دیگر ادبی، ثقافتی و سماجی جماعتیں بھی مختلف جگہوں پر قافلے کا حصہ بنیں گی۔ سرائیکی وسیب نیشنل تحریک کے چیئرمین آصف خان کی نمائندگی اُن کی جماعت کے حسن خان لنگاہ اور سکندر پہوڑ کریں گے۔ اس موقع پر قافلے کے چیف آرگنائزر ظہور دھریجہ نے بتایا کہ قافلے میں خواتین بھی شریک ہو رہی ہیں اور خصوصاً وسیب کے اضلاع ملتان، بہاولپور، لودھراں، خانیوال اور جھنگ جہاں جہاں سے قافلہ گزرے گا وہاں کے سوشل سٹارز نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ قافلہ ہر شہر کے پریس کلب، بار روم اور عوامی مقامات پر وسیب کا پیغام پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک صوبہ نہیں بنے گا ہم کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے۔

ظہور دھریجہ نے بتایا کہ ملتان سے جھنگ تقریباً چالیس مقامات پر اجتماعات اور جلسے ہوں گے۔ اس موقع پر آنیوالے مہمانوں کو سرائیکی کتابوں کے تحائف اور وسیب کی تاریخ، ثقافت اور زبان و ادب پر مشتمل لٹریچر دیا جائے گا۔ مہمانوں کو سرائیکی اجرکیں پہنائیں گے۔ دریں اثناء سرائیکستان قومی کونسل کے اجلاس میں خیبرپختونخواہ کے علاقوں ثوابی، بنیر، سوات، کراچی و گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر سخت افسوس اور صدمے کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اس موقع پر منظور خان بلوچ اور ڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ سیلاب نے سرائیکی وسیب کا رخ کر لیاہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت سیلاب سے بچائو کیلئے فوری اقدامات کرے۔

  • Related Posts

    جمہوریت کی پامالی اور عوام کے حق پر ڈاکہ مزید برداشت نہیں:حافظ نعیم الرحمان امیر جماعت اسلامی کی ملتان میں پریس کانفرنس

    : محمد ندیم…

    پنجاب میں بلدیاتی الیکشن دسمبر میں متوقع٬ لوکل گورنمنٹ بل 2025ء منظور٬ ڈپٹی کمشنر کو چیئرمین بنانے کی تجویز مسترد

    : محمد ندیم…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *