
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
دوسروں کی زندگی بچانے والے 4 ریسکیو اہلکار خود حادثہ میں جاں بحق ۔رحیم یار خان میں ریسکیو 1122 ایمبولینس بس سے ٹکرا گئی، حادثے میں 4 ریسکیو اہلکاروں سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سمابہ کے قریب ریسکیو ایمبولینس اور مسافر بس میں تصادم ہوگیا، حادثے میں 4 ریسکیو اہلکاروںسمیت6افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو ایمبولینس ٹی ایچ کیو خان پور سے مریضوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کررہی تھی، حادثہ موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے پیش آیا۔جاں بحق ہونیوالے چار ریسکیو اہلکاروں میں ڈرائیور محمد احمد٫ میڈیکل ٹیکنیشن فرہاد خان٬ سیفٹی آفیسر عدیل غفار خان اور شفٹ انچارج شاہد رزاق شامل ہیں۔
دریں اثناء ریسکیو 1122 انتظامیہ نے سانحہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اہلکاروں کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔تعزیتی پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ریسکیو فیملی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کی۔ ان کی قربانی دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔