
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پنجاب بار کونسل میں منعقدہ اجلاس کی صدارت محمد امجد پرویز، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب و ریٹرننگ آفیسر پنجاب بار کونسل انتخابات 2025ء نے کی۔
پنجاب بار الیکشن 2025ء کیلئے ضابطہ اخلاق جاری٬ تشہیری مہم کے لیے بینرز، اشتہارات، پینا فلیکس، ہورڈنگز، سٹیکرز، ڈائری، کیلنڈر تقسیم پر پابندی عائد کر دی گئی ہے٬اس موقع پر انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق اور پاکستان لیگل پریکٹشنر ز اینڈ بار کونسلر رولز 1976ء کے رول 10- اے اور رول 10- بی پرسختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا اور واضح کیا گیاکہ کوئی امیدوار یا اس کے حمایتی کسی بھی صورت میں بینرز، اشتہارات، پینا فلیکس، ہورڈنگز، سٹیکرز، ڈائری، کیلنڈر، کسی چیز یا دیگر تشہیری ذرائع استعمال نہیں کر سکتے ۔ امید وار صرف ذاتی ملاقات ، خط اور 5×3 انچ کے سائز کے وزٹنگ کارڈ کے ذریعے اپنے ووٹرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
امیدوار یا اس کے حمایتی کو اسلحہ کی نمائش کرنے یا ووٹر کے گھر جا کر ووٹ مانگنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انتخابی مہم کے دوران یا انتخاب کے دن کسی بھی امیدوار کی طرف سے ووٹرز کو کھانے، چائے یا دیگر ضیافت دینے پر مکمل پابندی ہو گی۔
رول 10-بی کے مطابق ان قواعد کی کسی بھی خلاف ورزی کو ” مس کنڈکٹ ” تصور کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں امید وار کو الیکشن لڑنے کے لیے نا اہل قرار دیا جا سکتا ہے٬ ریٹرننگ آفیسر نے تمام امیدواروں، ان کے حامیوں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان قواعد پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔