
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث 33 انسانی جانیں ضائع ہو گئیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں دریائے ستلج کے سیلابی ریلوں سے بہاولپور میں7 بند ٹوٹ گئے، ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب آ گئیں٬ دوسری جانب جنوبی پنجاب سے گذرنے والے سیلابی ریلوں کے باعث بہاولپور ڈویژن کی تحصیل صدر، بستی یوسف اور احمد والہ کھوہ سمیت سات حفاظتی بند ٹوٹ گئے
ملتان کی ڈویژنل انتظامیہ کی فلڈ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دریائے چناب سے تقریباً آٹھ لاکھ کیوسک کا ریلا سوموار اور منگل کی درمیانی شب گزرے گا
پانی کی صورتحال دیکھتے ہوئے شیر شاہ اور ہیڈ محمد والا میں بریچنگ کا فیصلہ کیا جائے گا٬حفاظتی انتظامات بارے بتایا گیا ہے کہ ڈویژن بھر میں 4 لاکھ 9 ہزار 2 سو سترہ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔فلڈ ریلیف کیمپوں کی تعداد 84 سے بڑھا کے 88 کر دی گئی ہے۔
نشیبی علاقوں میں انتظامیہ متاثرہ افراد کو خود جا کر محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہے۔بیشتر متاثرہ افراد اپنے عزیز و اقارب کے پاس قیام کو ترجیح دیتے ہیں٬ فلڈ کیمپس میں مقیم افراد کی تعداد صورتحال کے مطابق بدلتی رہتی ہے،
بارش کے پیش نظر خیمہ بستیاں سکولوں کے کمروں میں منتقل کر دی گئی ہیں، متاثرہ افراد کے لیے قیام، طعام اور پانی سمیت مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،
مویشیوں کے لیے چارے اور متاثرین کے لیے ویکسی نیشن کی سہولت بھی موجود ہے، انتظامیہ مزاحمت کرنے والوں کو زبردستی محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہے۔