
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
پولیو سے بچاؤ کیلئے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا ۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے شہباز شریف ہسپتال میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 7 فروری تک جاری رہنے والی مہم کے دوران ملتان ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد ٹیمیں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ضلع ملتان میں 10 لاکھ 26 ہزار بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔3 ہزار سے زائد فیلڈ ٹیمیں گھروں اور عوامی مقامات پرخصوصی پولیو مہم میں اپنے فرائض انجام دیں گی۔جنرل بس سٹینڈ۔ ریلوے سٹیشن ۔ ایئر پورٹ ۔سمیت دیگر عوامی مقامات پر پولیو کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔ملتان ڈویژن میں پولیو سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
پولیو مہم کی کامیابی میں والدین کا اہم ترین کردار
پولیو مہم کی کامیابی کیلئے والدین پر زور دیا گیا کہ پولیو فری پاکستان کیلئے والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔اس لیے وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔پولیو مہم میں تعاون نہ کرنے روکاوٹ بننے والوں کو وارننگ بھی دی گئی کہ پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ پولیو ٹیموں کی چیکنگ کیلئے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
پولیو قطرے پینے والے بچوں کیلئے تحائف
پولیو قطرے پلانے کی ترغیب دلوانے کیلئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمد اور ایم ایس شہباز شریف ہسپتال نذیر ہراج ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف نے بھی پولیو قطرے پلائے ۔پولیو قطرے پینے والے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔