
:محمد ندیم قیصر (ملتان )
:تفصیلات
سرائیکستان قومی کونسل نے رواں ماہ فروری میں وسیب بھر میں سرائیکی ثقافتی تقریبات کے انعقاد کا اعلان کر دیا جس کے مطابق 9فروری کو سرائیکی ثقافتی میلہ ڈیرہ غازی بھر پور طریقے سے منائیں گے۔یہ اعلان سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین ظہور دھریجہ اور سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کے صوبائی رابطہ سیکرٹری شاہد کوکب نوناری نے کیا اس موقع پر اشفاق خان بلوچ، مہر حاجی فیض علی نوناری، مہر حاجی غلام فرید نوناری بھی موجود تھے۔ ظہور دھریجہ نے مزید کہا کہ21 فروری کو ماں بولی کا عالمی دن ہے، وسیب کے لوگ فروری کے پورے مہینے میں سرائیکی ماں بولی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں اور اسے قومی تہوار کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی زبان و ثقافت اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 9فروری کو ڈیرہ غازی خان، 21فروری کو بہاولپور اور ملتان میں تقریبات ہوں گی، انہوں نے کہا کہ سرائیکی ثقافتی میلہ میں وسیب کے فنکاروں اور گلوکاروں کو ایوارڈز دئیے جائیں گے، میلہ میں موسیقی، سرائیکی جھمر کے علاوہ وسیب کی دستکاریوں کی نمائش، سرائیکی کتابوں کے سٹالز لگائے جائیں گے اورمہمانوں کو سرائیکی اجرک پہنائی جائیں گی۔ شاہد کوکب نوناری نے کہا کہ 19فروری کو سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے بستی جان والا جلال پور پیروالہ میں سرائیکی ماں بولی کانفرنس منعقد کر رہے ہیں، کانفرنس میں سرائیکی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ وسیب کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے اور سرائیکی وسیب کی قومی شناخت کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔