
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
نامور علماء کرام کی ابتدائی درسگاہ جامعہ خیرالمدارس ملتان کی جامعہ مسجد کی نصف صدی قدیم تعمیرات کو دور جدید کے دلکش نقش و نگار میں ڈھال دیا گیا ۔ نامور عالم دین مفتی تقی عثمانی نے فن تعمیرات کے جدید خدوخال سے مزین مسجد کا افتتاح کیا اور نماز جمعہ پڑھایا ۔جامعہ کے مہتمم اعلی حنیف جالندھری نے جامعہ خیر المدارس کے تاریخی پس منظر اور علمی اور مذہبی خدمات سے آگاہ کیا۔ جامعہ مسجد میں نمازیوں کی گنجائش میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب چھ ہزار نمازی بیک وقت نماز ادا کر سکیں گے۔
جامعہ خیرالمدارس کی بنیاد قیام پاکستان سے قبل جالندھر میں رکھی گئی تھی۔1961ء میں جامعہ کے بانی مولانا خیر محمد نے ملتان میں موجودہ مقام پر خیر المدارس مسجد کی تعمیر شروع کروائی تھی اور یہ تعمیر سات سال کی مدت میں مکمل ہوئی۔ 1967ء میں جامعہ خیر المدارس کی مسجد میں اڑھائی ہزار نمازیوں کی گنجائش تھی چار دہائیاں گزرنے کے بعد جب جامعہ کی مسجد میں نمازیوں کی گنجائش میں اضافہ کی ضرورت محسوس ہوئی تو جامعہ خیر المدارس کے مہتم مولانا محمد حنیف جالندھری نے قدیم مسجد کی جگہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فن تعمیرات کی شاہکار مسجد تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا اور 8 برسوں میں جامعہ خیرالمدارس کی مسجد کو جدید طرز تعمیر میں ڈھال دیا گیا ۔فن تعمیر کی بیمثال شاہکار مسجد خیرالمدارس کا سفید دلکش گنبد اور دو بلند بالا مینار دیکھنے والوں کو دور سے ہی دعوت نظارہ دیتے ہیں۔