پاکستان اور ترکیہ کادفاع، معیشت، اطلاعات۔ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت۔ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق۔ پاک ترکیہ سربراہان پریس کانفرنس

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

پاکستان اور ترکیہ نے دفاع، معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر کے ساتھ مختلف شعبوں میں روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے، معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو فروغ مل رہا ہے، برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، دہشت گردی پاکستان اور ترکیہ کیلئے مشترکہ مسئلہ ہے، ہم اس لعنت کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں، توقع کرتے ہیں کہ افغانستان دہشت گردی پھیلانے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے گا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں، ترکیہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کرتا رہے گا، آزاد اور خود مختار ریاست کی حمایت کرتے ہیں۔

پاک ترکیہ سربراہان اعلیٰ سطحی سٹریٹیجک تعاون کونسل کے اجلاس بارے مشترکہ اعلامیہ کے حوالے سے پریس کانفرنس کی اور میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پاک ترکیہ سربراہان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف معاہدوں اور پروٹوکولز اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جن شعبوں میں معاہدے کیے گئے ہیں ان میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، زراعت، تعلیم، توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچہ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا پریس کانفرنس سے خطاب

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا پریس کانفرنس سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن کو پاکستان آمد پر پر خوش آمدید کہتا ہوں،دونوں ممالک کیلئے آپ کا دورہ بہت مفید ثابت ہو گا، آپ پانچ سال کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں ۔

پاکستان کی عوام آج بہت خوش ہے،ترکیہ کی عوام کے سا تھ پاکستان کے عوام کے گہرے تعلقات ہیں اور یہ صدیوں پرانے ہمارے روابط وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں تحریک آزادی کے دوران برصغیر کی عوام نے ان کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے زلزلہ، سیلاب سمیت ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، 2010ء میں جب پنجاب میں بڑے پیمانے پر سیلاب آیا تو ترکیہ کی حکومت نے آپ کی قیادت میں پاکستان کی عوام کی بھرپور مدد کی ،اس سے ہمارے برادرانہ تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے،ترکیہ کی خاتون اول اور آپ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،سکول، ہسپتال اور گھر تعمیر کروائے ، فراخدلی سے امداد کرکے پاکستان کی عوام کے دل جیت لئے، مولانا جلال الدین رومی کے کلمات ہمیں یاد ہیں انہوں نے کہا تھا کہ ہمدردی اور فضل،سورج ۔ سخاوت اور دوسروں کی امداد کرنا دریا کی مثل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، آپ کے دورہ سے ہمارے برادرانہ تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان اسلامی دنیا کے انتہائی قابل احترام رہنما ہیں، اپنے ویژن اورقائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے ترکیہ کو بدل کر رکھ دیا۔ ترکیہ کا شمار اب دنیا کے اہم ممالک میں ہوتا ہے۔ ترکیہ نے غزہ، فلسطین اور کشمیر کی مظلوم عوام کیلئے بھرپور اور واضح موقف اختیار کیا ہے جس کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پائیدار شراکت داری کو فروغ مل رہا ہے، ترکیہ نے ہمیشہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی عوام کیلئے واضح موقف اختیار کیا ہے، اسی طرح پاکستان شمالی قبرص کے معاملے پر ترکیہ کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی عوام اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو جس طرح آپ نے سراہا ہے اس پر آپ کے شکر گزار ہیں،دہشت گردی پاکستان اور ترکیہ کیلئے مشترکہ مسئلہ ہے، ہم اس لعنت کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، ہم توقع کرتے ہیں کہ افغانستان دہشت گردی پھیلانے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کے صدر کے ساتھ ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، سٹرٹیجک تعاون، دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا، دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے ہیں جن میں خصوصی اقتصادی زونز کا قیام بھی شامل ہے جو ترکیہ کی کمپنیاں بنائیں گی، ہم ان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔

ترکیہ کے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا پریس کانفرنس سے خطاب

ترکیہ کے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا پریس کانفرنس سے خطاب

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ پاکستان کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور ہمارے درمیان دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہے،آزادی کی جنگ کے دوران برصغیر کے عوام نے ہماری بھرپور حمایت کی، قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال ہمارے بھی ہیرو ہیں،پاکستان ا ٓکر دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کونسل 2009ء میں قائم کی گئی تھی،یہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم فورم ہے،کونسل کے ساتویں اجلاس میں ہم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، تجارت،آبی وسائل، دفاع، تعلیم،توانائی،ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے 24 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں، ہم نے نہ صرف دو طرفہ بلکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے، صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ملاقات میں بھی دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادل خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں کاروباری شخصیات شامل ہوں گی،ہم اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے لئے بھی تبادلہ خیال کیا ہے، اس کے علاوہ عسکری سطح پر تبادلہ خیال۔ اور دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ دونوں ممالک نے مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی طرف سے ترکیہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کو بھول نہیں سکتے،ہم دہشت گردی اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی اور اور شہداء کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ترکیہ میں دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جنگ میں حمایت کو سراہتے ہیں۔فتح تنظیم کو دہشت گرد قرار دینا اور اس کے سکولوں کو ترک معارف فاؤنڈیشن کے حوالے کرنا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے مشترکہ عزم کا عکاس ہے،ترکیہ کی معارف فاﺅنڈیشن کے سکولوں کا پاکستان کے تعلیمی شعبہ میں اہم کردار ہو گا، ہم سکالرشپ کے پروگراموں کے ذریعے آنے والی نسلوں کے لئے بھی دوستی کے رشتے کو مضبوط بناتے رہیں گے۔ترک صدر نے کہا کہ ترک ریاست اور قوم ماضی کی طرح کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے، ترکیہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کرتا رہے گا، پاکستان کی طرف سے ترک قبرس کے معاملہ پر حمایت ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا غیر متزلزل مؤقف بہت اہم ہے، ہم نے پاکستان کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر فلسطینیوں کے جائز حق کے لئے آواز اٹھاتے رہے ہیں، ایسے وقت میں جب غزہ کے بھائی بہنوں سے متعلق نئے منصوبے پیش کئے جا رہے ہیں، باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ضروری ہے، ہم ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو اور یہ 1967ءسے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری اور پاکستانی حکام اور پاکستان کے برادر عوام کی طرف سے میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے اور مفاہمت کی یادداشت دونوں ممالک اور علاقے کے لئے مفید ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں تیار کی جانے والی الیکٹرک کار جلد بھائی شہباز شریف کو پیش کریں گے ،یہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط دوستی کی علامت ثابت ہو گی اور یہ الیکٹرک کار صدر آصف علی زرداری کو بھی دیں گے۔

پاک ترکیہ بزنس فورم کو دونوں ممالک میں سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے بھرپور معاونت اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے ہر قسم کی معاونت اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان اور ترکیہ کی گہری دوستی اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کے لئے پرعزم ہیں۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، طے پانے والے معاہدوں اور ایم او یوز سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا ، اقتصادی راہداری منصوبہ تجارت کیلئے اہم ہے، پاکستان اور ترکیہ مل کر خطے میں امن و ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پاک ترکیہ بزنس فورم سے وزیر محمد شہباز شریف کاخطاب

اسلام آباد میں پاک ترکیہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے دو طرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے جو مختلف حوالے سے منفرد حیثیت کے حامل ہیں ،پاکستان اور ترکیہ برادر دوست ملک ہیں اور تقسیم ہند سے بھی پہلے بھائی چارہ کی تاریخ رکھتے ہیں جب ہندوستان کے مسلمانوں نے ترکیہ کی جنگ آزادی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان کی دانشمندانہ قیادت میں ترکیہ کی فعال معیشت جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور یورپی معیار پر پوری اترتی ہے ، صدر رجب طیب ایردوان امت مسلمہ کی آواز ہیں، انہوں نے ہمیشہ غزہ، فلسطین اور کشمیر کے معصوم اور مظلوم مسلمانوں کے لئے آواز بلند کی ہے، پاکستان بھی ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کی آزادی کے لئےان کی شانہ بشانہ کھڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بلند ترین سطح پر تھی ،ہم دوطرفہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کے لئے پرعزم ہیں، آج ہم نے مختلف مفاہمت کی یادداشت اور معاہدوں پر دستخط کئے ہیں ،سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں ان معاہدوں کو قابل عمل بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کاروباری (بی ٹو بی )اور حکومتی سطحوں (جی ٹو جی )پر اس حوالے سے ہر قسم کی کوششوں کی حمایت کی۔ انہوں نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری ، درآمدات اور برآمدات پر انہیں ہر قسم کی معاونت اور سہولت فراہم کی جائے گی،ماضی میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اب ایسا نہیں ہوگا ،ترکیہ کے تاجروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے جس سے دونوں ملکوں نے فائدہ اٹھایا۔پاکستان ترکیہ کی عوام کا دوسرا گھر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں صدر طیب ایردوان کی قیادت اور صلاحیتوں پر فخر ہے ،ہم پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔

پاک ترکیہ فورم سے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن کا خطاب

پاک ترکیہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ انہیں اپنے دوست وزیراعظم شہباز شریف سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے، اس تقریب سے پاکستانی اور ترکیہ کے تاجروں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،گزشتہ سال میں دونوں ممالک میں تجارت کے حجم میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم پانچ ارب ڈالر کے تجارتی حجم کے ہدف کے حصول کے لئے اپنی تمام تجارتی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے سے اس ہدف کے حصول میں مدد ملے گی، لاس سے پائیدار تجارتی توازن کے حصول میں بھی معاونت ملے گی۔ صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ہمیں مشترکہ ریل ٹرانسپورٹیشن بالخصوص اسلام آباد تہران استنبول فریٹ ٹرین لائن کو فعال بنانا چاہئیے ، یہ پورے خطے کے مفاد میں ہے ،اس سے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ تجارت کے لئے اہم ہے ،مستقبل میں بہترین حکمت عملی سے فروغ دیا جا سکتا ہے ، پاکستانی عوام نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں ترکیہ کی عوام کا ساتھ دیا ہے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔پاک ترکیہ ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کی مظلوم عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں ۔ اس جنگ کے دوران ہزاروں شہید ہوئے ، جنگ بندی کے بعد غزہ میں صورتحال میں بہتری آئی اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ غزہ کی مظلوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر خطے میں امن سمیت دیگر مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ہم نے آ ج جن معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کئے گئے ہیں اس سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے بہتر مستقبل کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی ، تاجر برادری کو بہتر مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستانی بہن بھائیوں کے مشکور ہیں۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے 24معاہدوں، مفاہمت کی یادداشت پر دستخط 

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن نے ایچ ایل ایس سی سی کے ساتویں اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے پاکستان اور ترکیہ نے تجارت ،خزانہ ، دفاع ، سائنس اور ٹیکنالوجی، توانائی، اطلاعات و نشریات ، تعلیم ، صحت، غذائی تحفظ، آبی وسائل، مذہبی امور سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور اشتراک کار کے فروغ کے لئے 24معاہدوں، پروٹوکولز اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ اسلام آباد میں پاکستان ترکیہ اعلیٰ سطحی تعاون کونسل کے اجلاس کے بعد وزیراعظم ہاﺅس میں باہمی مفاہمت کی 24 یادداشت پر دستخط کی باضابطہ تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی۔ وزیراعظم پاکستان اور ترکیہ کے صدر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور متنوع بنانے اور ادارہ جاتی شکل دینے کے لئے پاکستان۔ ترکیہ ایچ ایل ایس سی سی کے ساتویں اجلاس اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ پردستخط کئے۔دونوں ممالک کی جانب سے دستخط شدہ 24 معاہدوں ،پروٹوکولز ، اعلامیوں اور ایم او یوزکا تبادلہ کیاگیا۔

سماجی اور ثقافتی مقاصد کے لئے فوجی اور سویلین اہلکاروں کے تبادلے پر مفاہمت کی یادداشت ،ایئر فورس الیکٹرانک وارفیئر میں تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت اور ملٹری ہیلتھ کے شعبے میں تربیت اور تعاون سے متعلق پروٹو کول پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ترک وزیر دفاع یوشار گلیر نے دستخط کئے۔ ہائیڈرو کاربن کے شعبے میں تعاون کے معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول ، انرجی ٹرانزیشن کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت اور کان کنی کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور ترک وزیر توانائی اور قدرتی وسائل الپرسلان بیرکتر نے دستخط کئے۔ مصنوعات کی تجارت کے معاہدے کو اپ گریڈ کرنے کے عزم پر مشترکہ وزارتی بیان اور تجارت میں استعمال ہونے والے اصل سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالہ سے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر تجارت جام کمال خان اور ترک وزیر تجارت عمر بولت نے دستخط کئے۔زرعی بیج کے شعبے میں تعاون کے معاہدے اور آبی شعبے میں تعاون کے معاہدہ پر وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین اور ترک وزیر وزیر زراعت اور جنگلات ابراہیم یومکلی نے دستخط کئے۔ لیگل میٹرولوجی انفراسٹرکچر کے قیام بارے مفاہمت کی یادداشت اور پاکستان۔ترکیہ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سنٹر کی تکنیکی معاونت اور ترقی کے لئےسائنسی اور تکنیکی ریسرچ کونسل ترکیہ اینڈ ٹیکنالوجی اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (این ٹی یو) فیصل آباد کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ترک صنعت اور ٹیکنالوجی کے وزیر محمد فتح کاکر نے دستخط کئے۔ ایکسپورٹ کریڈٹ بینک آف ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کے درمیان ایم او یو بارے اعلامیہ پر پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ترکیہ کی جانب سے وزیر تجارت عمر بولت نے دستخط کئے۔ صنعتی املاک کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر وزیر تجارت جام کمال خان اور ترک وزیر صنعت و ٹیکنالوجی محمد فتح کاکر انے دستخط کئے۔ دینی خدمات اور مذہبی تعلیم کے شعبوں میں تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین اور مذہبی امورترکیہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے دستخط کئے۔ حلال تجارت میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ترک وزیر تجارت عمر بولت نے دستخط کئے۔مرکزی بینک آف ترکیہ (سی بی آر ٹی) اور سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے درمیان تکنیکی تعاون کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ترک وزیر خارجہ حقان فیدان نے دستخط کئے۔ وزارت اطلاعات و نشریات سے متعلق دو ایم او یوز طے پائے۔ تعلقات عامہ اور کمیونیکیشنز کے شعبے میں تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت اور میڈیا و کمیونیکیشن کے شعبے میں تعاون کے بارے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور ترکیہ کے کمیونیکیشنز کے ڈائریکٹرفخر الدین التون نے دستخط کئے۔ صحت اور ادویہ سازی کے شعبے میں تکنیکی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین اور ترک وزیرخارجہ حقان فیدان نے دستخط کئے۔ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز اور پاکستان کے نیول ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پرڈی جی این آر ڈی آئی پاکستان نیوی، رئیرایڈمرل جاوید اقبال اور ترک ایرو سپیس انڈسٹریز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مہمت دیمیر اوغلو نے دستخط کئے۔ترکیہ دفاعی صنعت کے سیکرٹریٹ اور وزارت دفاعی پیداوار پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ترک سیکرٹری دفاعی صنعت ہالوک گورکن نے دستخط کئے۔ثقافتی تعاون کے معاہدے اور آڈیو ویڑول سروسز میں کوپروڈکشن بارے معاہدے پر وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن عطائ اللہ تارڑ اور وزیرخارجہ حقان فیدان نےدستخط کئے۔ اس کے علاوہ پاکستان ترکیہ بزنس فورم کےدرمیان مفاہمت کی دو یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔

پاک ترکیہ سربراہان کی مشترکہ صدارت میں ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا اجلاس

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب ایردوان نے ترکیہ اورپاکستان ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی )کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی جس میں دونوں رہنماﺅں نے پاک ترک دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ان تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔دریں اثناء ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن دورہ پاکستان کے پہلے مرحلہ میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے تو ان کا سربراہ مملکت سطح کا پرتپاک استقبال کیا گیا پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں ایک پودا لگایا۔

پاک ترکیہ سربراہان کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک ترک دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں ترکیہ-پاکستان ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی )کا ساتواں اجلاس ہوا جس کی مشترکہ صدارت دونوں رہنماؤں نے کی۔ ایچ ایل ایس سی سی میں دونوں اطراف کے متعلقہ وزرائ نے تعاون کے مختلف شعبوں کا احاطہ کرنے والی 9مشترکہ قائمہ کمیٹیوں کی پیشرفت کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ صحت اور آئی ٹی کی دو نئی مشترکہ قائمہ کمیٹیوں نے بھی اپنی رپورٹیں پیش کیں۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں شرکت

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے پاکستانی اور ترک رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شرکت کی۔وزیراعظم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان نتیجہ خیز اقدامات، بہتر کاروباری معاملات اور دوطرفہ سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے ذریعے دو طرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ترک کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے منظر نامہ کی بے پناہ صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں اور زراعت، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، توانائی اور کان کنی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کے لئے کام کریں۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر صدر ایردوان کے مضبوط، مستقل اور اصولی مؤقف پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ترکیہ کے قومی مفاد کے بنیادی مسائل پر ترکیہ کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دو ریاستی حل کے لئے پاکستان کے مطالبہ کا اعادہ کیا جس میں اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967ء سے پہلے کی سرحدوں اور القدس شریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کے ساتھ ایک آزاد اور خودمختار ریاست فلسطین کے قیام کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کرنے کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں 24 مفاہمت کی یادداشتوں، پروٹوکولز اور معاہدوں کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے ترک صدر کے اعزاز میں اسلام آباد میں ایک مرکزی انٹرچینج کے نام کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ صدر ایردوان کا تاریخی دورہ اور ایچ ایل ایس سی سی کے ساتویں اجلاس کا انعقاد دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔

پاک ترکیہ ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدے طے ۔ باہمی مفاہمت کی یادداشت کا تبادلہ

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور ترکیہ کے ڈائریکٹر آف کمیونیکیشنز فخر الدین آلتن نے پبلک ریلیشنز اینڈ کمیونیکیشنز اور میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز کے شعبوں میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔ اوفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ اور ترکیہ کے وزیر برائے خارجہ امور حقان فیدان نے ثقافتی تعاون اور آڈیو وڑول سروسز کے شعبوں میں معاہدوں کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی موجود تھے۔

پاک ترکیہ سٹریٹجک تعاون کونسل اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے 7 ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں باہمی دلچسپی اور تعاون کے تمام شعبوں بشمول تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم، میڈیا، دفاع، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلوں پر اتفاق کیا گیا جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید اضافہ ہو گا۔

پاک ترکیہ سربراہان ملاقات میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعاون چاہتے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید وسعت دینے، متنوع اور ادارہ جاتی بنانے کا روڈ میپ بھی ہے۔ فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی مفاہمت کی 24 یادداشت، ۔معاہدوں اور پروٹوکولز پر بھی دستخط کیے ہیں ۔

رجب طیب ایردوآن انٹرچینج اسلام آباد کا افتتاح

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب ایردوان نے رجب طیب ایردوان انٹرچینج کا مشترکہ افتتاح اور ان تاثرات کا اظہار کیا کہ یہ صدر ایردوان کی پاکستان کے لئے غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کا اعتراف ہے۔

  • Related Posts

    پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم 80 ہزار افغانیوں نے حکومت کے الٹی میٹم پر صرف اپریل میں نقل مکانی کر لی

    :محمد ندیم قیصر…

    ٹرمپ کے تازہ بیان کا ردعمل :ایشیاء کی چوتھی بڑی معیشت جنوبی کوریا کی نئی پالیسی کا اعلان۔ سپورٹ پیکج میں 23.25 بلین ڈالر کے مساوی 33 ٹریلین وان کا اضافہ

    محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *