
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ قومی ترقی کیلئے سائنس اور فنی تعلیم کو عام کرنا ہو گا۔ اس سلسلے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کا کردار اہم ترین ہے جدید سائنسی تعلیم سے آراستہ نوجوان ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ وہ ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔سابق وفاقی سیکرٹری محمد علی گردیزی اور ڈاکٹر محمد ارشد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم کے ذریعے پاکستان کو ایک علمی معیشت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ سائنسی ایجادات کے لئے تعلیمی اداروں میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کو فروغ دیا جائے۔یونیورسٹیاں جدید علوم کو انڈسٹری کے ساتھ منسلک کرکےصنعتی ترقی میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔ مستقبل میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کا کردار بہت اہم ہوگا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جدید طرز کی اسٹیٹ آف دی آرٹ ملتان یونیورسٹی آفس سائنس اینڈٹیکنالوجی کے تعلیمی معیار کی تعریف کی اور کہا کہ ایسے ادارے قوموں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر محمد ارشد نے بریفنگ میں بتایا کہ یونیورسٹی میں ڈیجیٹل آلات سے آراستہ 150 جدید طرز کے کلاس رومز قائم کئے گئے ہیں۔ کمپیوٹر سائنس، فارمیسی،بزنس، نرسنگ، الائیڈ ہیلتھ، قانون اور دیگر فکیلٹیز میں تعلیم دی جارہی ہے۔
یونیورسٹی کی جدید طرز کی لائبریری میں 3لاکھ50 ہزار کتابوں سےآن لائن استفادہ کیا جا سکتا ہے پنجاب کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کے طلباء بھی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ انتظامیہ یونیورسٹی کو خطے کی سب سے جدید یونیورسٹی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔