پی ٹی وی نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ جیت لیا۔فائنل میں سٹیٹ بینک کو 3 وکٹوں سے شکست ۔

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

پی ٹی وی نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ جیت لیا۔فائنل میں سٹیٹ بینک کو 3 وکٹوں سے شکست ۔شامل حسین نے نصف سنچری سکور کی ، کپتان عماد بٹ نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پنک بال نائٹ فائنل میں پی ٹی وی کو کامیابی کے لیے 153 رنز کا ہدف ملا تھا۔ اس نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ پر 69 رنز بنالیے تھے۔

پانچ روزہ فائنل کے چوتھے روز اس نے جیت کے لیے درکار 84 رنز مزید 6 وکٹوں کے نقصان پر بنالیے۔

شامل حسین جو لاسٹ نائٹ 44 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے7 چوکوں کی مدد سے 58رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ شامل حسین اس ٹورنامنٹ میں ایک ڈبل سنچری ، ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں واپڈا کے ایاز تصور کے بعد دوسرے نمبر پر رہے پی ٹی وی کے محمد شہزاد اور وقار حسین سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔

پی ٹی وی کے لیے ہدف تک پہنچنا آسان ثابت نہ ہوا اور وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔شامل حسین کے علاوہ وقار حسین ( صفر ) محمد محسن ( 19 ) تیمور خان ( 10 ) محمد طحہ ( 15) اور محمد شہزاد ( ایک ) کی وکٹیں گریں تو پی ٹی وی کا سکور 7 وکٹوں پر 137 رنز تھا۔

اس موقع پر کپتان عماد بٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35گیندوں پر 2چوکوں کی مدد سے 27 رنز ناٹ آؤٹ بناکر اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔علی عثمان نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے17 گیندوں پر 8 رنز بنائے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔انہوں نے ہی کاشف بھٹی کی گیند پر چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔

عماد بٹ نے اس سیزن میں بحیثیت کپتان یہ دوسرا ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اس سے قبل ان کی قیادت میں سیالکوٹ نے قائداعظم ٹرافی جیتی تھی۔

سٹیٹ بینک کی طرف سے کاشف بھٹی نے 58 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔محمد عباس نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

وکٹ کیپر غازی غوری نے تین کیچز کے علاوہ ایک سٹمپڈ آؤٹ کیا۔وہ اس ٹورنامنٹ میں کے آر ایل کے سعد بیگ کے بعد دوسرے سب سے کامیاب وکٹ کیپر رہے۔

پی ٹی وی کو ٹورنامنٹ جیتنے پر 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی اور رنراپ سٹیٹ بینک نے 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم حاصل کی۔

پانچ روزہ میچ کا فلیش بیک ۔۔۔ پریذیڈنٹ ٹرافی کے پہلے روز کی روداد۔۔۔ 13 وکٹیں گر گئیں۔

پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل کا سنسنی خیزاغاز ہوا۔پہلے ہی روز 13 وکٹیں گر گئیں۔ پی ٹی وی کے محمد شہزاد نے ہیٹ ٹرک سمیت پانچ آؤٹ کر دیئے۔ سعود شکیل ٹائمڈ آؤٹ قرار دے دیئے گئے ۔ پی ٹی وی نے فائنل میں مد مقابل سٹیٹ بینک کو 205 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اپنی 5 وکٹیں بھی صرف 49 رنز پر گنوا دیں۔ دونوں ٹیموں کے فائنل میچ کی پہلی شب پی ٹی وی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سٹیٹ بینک کو عمران بٹ اور رمیز عزیز نے اپنی ٹیم کو 87 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔رمیز عزیز پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔عمران بٹ نے 14 چوکوں کی مدد سے89 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

پی ٹی وی کے فاسٹ باؤلر محمد شہزاد نے سٹیٹ بینک کی بیٹنگ لائن میں کھلبلی مچا دی۔ 5 آؤٹ کر دیئے۔

اوپننگ پارٹنرشپ ٹوٹنے کے بعد پی ٹی وی کے باؤلر محمد شہزاد نے سٹیٹ بنک کی ٹیم کو سنبھلنے نہ دیا اور ہیٹرک بنا ڈالی اس ہیٹرک کے درمیان سعود شکیل ٹائمڈ اؤٹ بھی قرار دیئے گئے۔محمد شہزاد نے کپتان عمرامین ( 6 ) فواد عالم ( صفر) کو لگاتار دو گیندوں پر آؤٹ کردیا۔سعود شکیل کریز پر دیر سے آنے کی وجہ سے ٹائمڈ آؤٹ قرار دینے گئے اور پھر اگلی ہی گیند پر پر محمد شہزاد نے عرفان نیازی کو بھی صفر پر آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ محمد شہزاد نے 29 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

پی ٹی وی کی پہلی اننگز بھی ابتداء میں لڑکھڑا گئی۔

پی ٹی وی کی پہلی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا شامل حسین 6۔امام الحق 9۔اور محمد طحہ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ کھیل ختم ہونے پر وقارحسین21 اور محمد محسن13 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔نیاز خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل کی دوسری شب پی ٹی وی کے محمد شہزاد کا میچ ڈبل ، پانچ وکٹوں کے بعد سنچری بھی بناڈالی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل میچ میں پی ٹی وی کے محمد شہزاد کا میچ ڈبل بنانے کا اعزاز حاصل کیا انہوں نے سٹیٹ بینک کی پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد اپنی ٹیم کی اننگز میں سنچری بھی بناڈالی۔پی ٹی وی جے وقار حسین نے بھی سنچری سکور کی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر جاری پانچ روزہ فلڈ لٹ فائنل میچ کی دوسری شب کو پی ٹی وی کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں اپنی پہلی اننگز میں317 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سٹیٹ بینک نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 37 رنز بنائے تھے ۔اس طرح پی ٹی وی کو ابھی75 رنز کی برتری حاصل ہے۔

دوسرے روز کھیل کی خاص بات پی ٹی وی کے وقارحسین اور محمد شہزاد کی سنچریاں تھیں۔ یاد رہے۔ محمد شہزاد نے سٹیٹ بینک کی پہلی اننگز میں ہیٹ ٹرک سمیت پانچ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں اس طرح انہوں نے میچ ڈبل کیا ۔

محمد وقار کی سنچری۔ محمد شہزاد کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلئے 123 رنز کی پارٹنر شپ

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پنک بال سے کھیلے جانے والے اس نائٹ فائنل میں پی ٹی وی نے اپنی پہلی اننگز 49 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو محمد محسن 36 اور تیمور خان 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وقارحسین اور محمد شہزاد نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں قیمتی 123 رنز کا اضافہ کیا۔ وقارحسین 11 چوکوں کی مدد سے 106رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

محمد شہزاد جنہوں نے سٹیٹ بینک کی پہلی اننگز میں ہیٹ ٹرک سمیت پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں بیٹنگ میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 125 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس اننگز میں14 چوکے اور4 چوکے شامل تھے۔

اس ٹورنامنٹ میں محمد شہزاد کی یہ تیسری سنچری ہے۔

سٹیٹ بینک کی طرف سے نیاز خان ، محمد عباس اور کاشف بھٹی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

سٹیٹ بینک کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی مشکلات سے دوچار ہوگئی

سٹیٹ بینک کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی مشکلات سے دوچار ہوگئی۔ سٹیٹ بینک کی دوسری اننگز میں عرفان خان نیازی کی جگہ ٹیم میں شامل کیےگئے محمد فیضان بغیر کوئی رن بنائے بغیرآؤٹ ہوگئے۔ عرفان خان نیازی قومی ڈیوٹی کی وجہ سے اب یہ میچ نہیں کھیل رہے ہیں۔انہیں نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔کھیل کے اختتام پرعمران بٹ 29 اور عمر امین 5 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

عمران بٹ اور سعود شکیل ففٹی مکمل نہ کر پائے عماد بٹ کی 5وکٹیں ۔پی ٹی وی کو دوسری اننگز میں امام الحق کا خسارہ۔

پہلی اننگز میں ٹائمڈ آؤٹ ہونے والے سعود شکیل نے 45 عمران بٹ نے42 رنز سکور کیے۔ آٹھویں نمبر کے بیٹر نیاز خان نے24 رنز بنائے۔کپتان عمر امین صرف 9 اور فواد عالم 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔عماد بٹ سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے 84 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔محمد ابتسام اور علی عثمان نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔پی ٹی وی کی دوسری اننگز میں امام الحق 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔شامل حسین 5 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

پریذیڈنٹ ٹرافی کا تیسرا روز ۔پی ٹی وی فتح کے قریب پہنچ گئی۔153 رنز کا ہدف۔ ایک وکٹ پر69 رنز بنالیے۔

پانچ روزہ فائنل کے تیسرے روز سٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز37 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پی ٹی وی کے بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پوری ٹیم 264 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی کپتان عماد بٹ پانچ وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

سٹیٹ بینک کا کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر پرفارمنس نہ دکھس سکا۔ رمیز عزیز 4 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

 

  • Related Posts

    کراچی کنگز نے جیمز ونس اور حسن علی کی شاندار پرفارمنس کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز سے شکست دے دی۔وہاب ریاض کی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    :محمد ندیم قیصر…

    پاکستان نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔کوالیفائر راؤنڈ میں مسلسل چوتھی کامیابی سے اعزاز ملا

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *