105

پنجاب بار کونسل کے انتخابات 2025 کے لیے ضابطہ اخلاق جاری: انتخابی مہم میں بینرز، پوسٹرز، ہورڈنگز، سٹیکرز، پمفلٹس، کیلنڈرز اور ڈائریاں استعمال کرنے پر پابندی عائد

: محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب و ریٹرنگ افسر نے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سمیت تمام ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے پنجاب بار کونسل کے انتخابات 2025ء کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ مراسلہ کے مطابق امیدوار اور ان کے حامی انتخابی مہم میں بینرز، پوسٹرز، ہورڈنگز، سٹیکرز، پمفلٹس، کیلنڈرز اورڈائریاں استعمال نہیں کر سکیں گے جبکہ صرف ذاتی رابطے اور ویزٹنگ کارڈ کے ذریعے ووٹ مانگنے کی اجازت ہوگی۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ووٹرز کو کھانے یا دعوت دینے پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور انتخابی مہم یا پولنگ کے دن اسلحہ کی نمائش کو بھی قانون کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز اور ٹی ایم ایز کو ہدایت دی گئی ہے کہ فوری طور پر ممنوعہ تشہیری مواد ہٹا دیا جائے۔

عدالتوں کے احاطہ سے بھی انتخابی بینرز اور پوسٹرز ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے جس کے لیے بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے تعاون لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے وکلاء سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے انتخابی اشتہارات، ہورڈنگز، اسٹیکرز اور بینرز رضاکارانہ طور پر ہٹا لیں تاکہ ضابطہ اخلاق پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں