
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
واسا ترجمان کے مطابق خصوصی ٹیمیں سیوریج لائن بحال کرنے میں مصروف۔
قدیمی محلہ گندے پانی میں ڈوب گیا۔ سائیکلوں والی شاہین مارکیٹ کا ٹینکی چوک بھی جوہڑ بن گیا۔ واسا ترجمان کے مطابق خصوصی ٹیمیں سیوریج لائن بحال کرنے میں مصروف ہیں ۔ ملتان کے بوہڑ گیٹ سے حرم گیٹ کی طرف جاتے ہوئے عین وسط میں واقع شاہین مارکیٹ اور ملحقہ کھجی محلہ میں سوموار کو بعد سہ پہر گٹر ابل پڑے اور گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ میں ہی پورا علاقہ جوہڑ میں تبدیل ہو گیا۔ یہاں تک کہ گھروں سے باہر نکلنے کا راستہ بھی نہ رہا گندے پانی کے “قیدی” مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ میں ایس جی ویب سائٹ ” کو بتایا کہ واسا یہ علاقہ آئے روز گندے پانی میں ڈوب جاتا ہے واسا والوں کو فون کرتے کرتے تھک جاتے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ اس بار تو واسا والوں نے موبائل نمبر بند کردیا اور ایمرجنسی کال اور شکایت کا بھی کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔ جنوبی پنجاب کی بڑی سائیکل مارکیٹس میں شمار کی جانیوالی شاہین مارکیٹ کے مرکزی داخلہ راستہ ٹینکی چوک والا بھی گندے پانی میں گھرا ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے یہ مارکیٹ عملی طور پر بند ہوئی پڑی ہے متاثرہ تاجر کمیونٹی کا کہنا تھا کہ ہمارے احتجاج کا اتنا اثر لیا گیا کہ نئی سیوریج لائن بچھا دی گئی لیکن مسئلہ پھر بھی جوں کا توں ہے سری پائے کے حوالے سے مشہور کھجی محلہ میں عمرہ حج کی اسلامی اشیاء کا بھی تجارتی مرکز ہے جہاں سے نہ صرف ملتان بلکہ جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سے بھی خریداری کیلئے آتے ہیں۔
محلہ جوہڑ بننے کے باعث یہ تجارتی مرکز بھی مکمل طور پر بند۔
لیکن کھجی محلہ جوہڑ بننے کے باعث یہ تجارتی مرکز بھی مکمل طور پر بند ہو چکا اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیلئے بویڑ گیٹ سے حرم گیٹ کی طرف جانیوالی بلند و بالا النگ روڈ کے اس سینکڑوں فٹ اونچے وسطی حصہ کا انتخاب کیا جہاں سے شاہین مارکیٹ اور کھجی محلہ کا گندے پانی میں ڈوبا علاقہ دکھائی دے رہا تھا انہوں نے احتجاج کے دوران یہ نشاندھی بھی کی کہ واپڈا کی جھولتی تاریں بھی جان کیلئے خطرہ بن چکی ہیں ۔ انہوں نے واسا والوں کو کوسنے دیتے ہوئے کہا کہ سوموار کی شام سے ابلتے ہوئے گٹروں کے باعث گندے پانی میں ڈوبے ہوئے علاقہ کی تصاویر اور ویڈیوز بھجوائی گئی ہیں لیکن واسا والوں نے کان نہیں دھرے ۔ دوسری جانب واسا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی شکایت ملی واسا انتظامیہ متحرک ہو گئی ۔ نکاسی آب کے لیے خصوصی ٹیمیں ہنگامی بنیاد پر متاثرہ علاقوں میں بھجوائی دی گئی ہیں جو سوموار کی افطاری ٹائم سے ہی ہنگامی بنیادوں پر ورکنگ میں مصروف ہیں ۔
واسا ترجمان کی وضاحت بارے اہل علاقہ نے تحفظات کا اظہار کردیا۔
کھجی محلہ اور شاہین مارکیٹ کے علاقہ میں دیرینہ سیوریج بندش کا دیرینہ مسئلہ عرصہ دراز سے حل نہ ہو پانے کی شکایت بارے واسا ترجمان نے وضاحت کی کہ کھجی محلہ کے علاقہ میں نالی سسٹم ہے ۔ اور نالیاں بڑے نالہ کی شکل میں ہیں کوڑا کرکٹ سے بھری رہتی ہیں لیکن یہ نالیاں کیوں گندگی سے بھری رہتی ہیں صفائی کا ذمہ دار واسا ہے یا سالڈ ویسٹ والے اس حوالے سے سرکاری طور پر کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔
واسا ترجمان کی وضاحت بارے متاثرہ اہل علاقہ نے اپنے تحفظات کا اظہار کردیا۔متاثرہ اہل علاقہ کا کہنا تھا گندگی سے اٹی ہوئی یہ نالہ نما نالیاں اگر سیمنٹ کے سلیب سے ڈھانپ کر رکھی جائیں اور ہفتہ بھر میں صفائی کا معمول بنایا جائے تو پھر یہ نالیاں ابلنے کا مسئلہ بھی حل ہو سکتا ہے اور یہ سب بھی تو واسا ہی کی ذمہ داری بنتی ہے انہوں نے کھجی محلہ کے نالی سسٹم کو مستقل طور پر سیوریج سسٹم میں تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔