
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان کے یوم آزادی کی 78ویں تقریبات کا ٬سجدہ شکر سے آغاز٬سبز ہلالی پرچموں کی بہار٬ معرکہ حق افواج پاکستان کی عظیم پیشہ وارانہ خدمات کا روشن نشان قرار دیتے وطن عزیز کو ناقابل تسخیر بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا ۔ وطن عزیز کے طول و عرض میں یکم اگست سے جاری جشن آزادی کی تقریبات کا رنگ و نور عروج پر پہنچ گیا۔ دلکش برقی قمقموں سے سرکاری و غیر سرکاری عمارتیں سجائی گئیں ٬ رات گئے تک آتشبازی کے نظارہ دیدنی تھا۔ نصف شب کو 13 اگست کی جگہ یوم آزادی کی تاریخ تبدیل ہوتے ہی سجدہ شکر بجا لایا گیا٫ فضا میں ملی نغمے گونجتے رہے۔ بعد ازاں نماز فجر میں اللہ کے حضور ارض پاکستان کی حفاظت ٬ ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں
معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص و پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب:صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے ملک بھر کے عوام کو دلی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ دن ہمیں ان قربانیوں، جرات اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت مادرِ وطن کو آزادی نصیب ہوئی۔ صدر مملکت نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔آصف علی زرداری نے کہاکہ اس سال یومِ آزادی ہم افتخار اور نئی امید کے ساتھ منا رہے ہیں۔ انہوں نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں قوم کی شاندار فتح کو پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا اور بتایا کہ یہ کامیابی قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں پاکستان نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا، جس سے دنیا نے یہ دیکھا کہ پاکستان امن پسند ہے لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔آپریشن بنیان مرصوص‘ میں کامیابی سے قوم کے حوصلے بھی بلند ہوئے
صدر مملکت نے کہاکہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی سے نہ صرف اداروں پر اعتماد مضبوط ہوا بلکہ قوم کے حوصلے بھی بلند ہوئے۔ انہوں نے معاشی بحالی، تعلیمی اصلاحات، تکنیکی ترقی، ادارہ جاتی مضبوطی اور ماحولیاتی تحفظ کو قومی جذبہ کا اہم جزو ہے۔آصف علی زرداری نے بھارتی زیرِقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت تک غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا اور یوم آزادی کو اختلافات سے بالاتر ہو کر انصاف، مساوات، ایمان اور خدمتِ خلق پر مبنی ملک کے لیے متحد ہونے کا دن بنانا چاہیے۔
تحریک پاکستان کے تمام قائدین کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریک پاکستان کے تمام قائدین کو سلام بھی پیش کیا اور کہاکہ 14 اگست کی آزادی صرف ایک دن کا جشن نہیں بلکہ دو قومی نظریے کی جنگ کی کامیابی کی علامت ہے۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح کی بہادری اور قیادت نے تاریخ اور جغرافیہ بدل دیا، جب 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔وزیراعظم نے کہاکہ حال ہی میں بھارت نے طاقت کے گھمنڈ میں پاکستان پر حملہ کیا لیکن ہمارے بہادر مسلح افواج نے بھارت کے غرور کو صرف چار دن میں خاک میں ملا دیا ۔وزیراعظم نے حالیہ بھارتی حملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کے جنگی جنون کے خلاف جس حکمت عملی سے پاکستان کو کامیابی دلائی، اس کا اعتراف دوست اور دشمن سب کرتے ہیں۔ ’جس طرح 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا ایسے ہی 25 مئی 2025 کو بھی ایک نئی قوم ابھر کر سامنےآئی۔وزیراعظم نے عالمی اور خطے کے ممالک کے تعاون کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہاکہ چین، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، ایران، یو اے ای، آذربائیجان نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔