
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
خواتین کی تقدیس و حرمت کا عالمی دن یوم حجاب أج منایا جائے گا٬ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے حلقہ خواتین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی اقدار عورت اور خاندان کے تحفظ کا قلعہ ہیں ٬سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق اور صوبائی صدر شازیہ سیال نے آج چار ستمبر یوم حجاب کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ “جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی حقیقی علمبردار ہے ۔اسلام عورت کو عزت ، وقار، سماجی تحفظ اور اپنی مرضی سے اظہار رائے کا مکمل حق دیتا ہے، اسلامی معاشرہ عورت کی عزت نفس ، عظمت اور مذہبی آزادی کو یقینی بناتا ہے۔ مسلمان عورت نے حیا اور حجاب کے تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن بدقسمتی سے آج ہمارا معاشرہ ان اقدار سے دور ہوتا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین پر تشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لمحۂ فکریہ ہے کہ پاکستان میں خواتین کے خلاف جنسی و جسمانی تشدد، غیرت کے نام پر قتل اور ہراسانی جیسے جرائم میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کی وجہ فوری انصاف کی فراہمی کا نہ ہونا اور سزا و جزا کا مفقود ہونا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر خواتین کے خلاف نفرت انگیز مہمات اور ہراسانی کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔انہوں نے مذید کہا کہ اسلامی اقدار عورت اور خاندان کے تحفظ کا قلعہ ہیں۔یہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ اعتماد اور وقار کی علامت ہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم معاشرتی اقدار کو بحال کریں اور خواتین کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں۔۔ اسی پیغام کو عام کرنے کے لیےحلقہ خواتین جماعت اسلامی ہر سال اس یوم کو عقیدے ،خاندان اور عورت کے تحفظ کے لئے مناتی ہے ۔اس دور میں جب کہ شیطانی یلغار ہمارے عقیدے، اخلاقی نظام اور خاندان کے تانے بانے کو بری طرح تاراج کر رہی ہے،ہم 4 ستمبر عالمی یوم حجاب کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کا ذریعہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے تحت ملک بھر میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی”۔ شازیہ سیال نے کہا کہ یہ وقت عملی اقدامات کا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی معاشرہ، خواتین کے لیے محفوظ معاشرہ بنے جہاں وہ عزت، حیا اور معاشرتی حقوق کی پاسداری کے ساتھ سر اٹھا کے جینے کے قابل ہو سکیں۔