: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، اس وقت ملک میں پیٹرول کی موجودہ قیمت 264.61 روپے اور ڈیزل کی موجودہ قیمت 269.99 روپے فی لیٹر ہے۔ 16 ستمبر سے ملک میں آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 1.54 روپے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل 4 روپے 79 پیسے فی لیٹرمہنگا کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 روز کیلئے مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 6 پیسے اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس ضمن میں تیار کیے جانے والے ورکنگ پیپرمیں حکومتی ٹیکسز اور ایکسچینج لاسز شامل نہیں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے تعین کیلئے اوگرا 15 ستمبر کو حکومت کو سمری بھجوائے گی، جس کے بعد 15 روز کیلئے نئی پٹرولیم قیمتوں کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نوٹی فیکیشن جاری کرے گی۔