103

موٹروے ایم فائیو کے ساتھ 20 کلومیٹر تک پانی ہی پانی: وفاقی اور صوبائی وزراء کا ملتان میں اہم ترین مشترکہ اجلاس٬ جلال پور شہر کو بچانا اولین ترجیح قرار

: محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

 

موٹروے ایم فائیو کے ساتھ 20 کلومیٹر تک پانی ہی پانی: وفاقی اور صوبائی وزراء کا ملتان میں اہم ترین مشترکہ اجلاس٬ جلال پور شہر کو بچانا اولین ترجیح قرار دیا گیا
ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالا میں گزشتہ تین ہفتوں سے درپیش بدترین سیلابی صورتحال، موٹروے ایم-5کو پہنچنے والے نقصان اور بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ملتان پہنچ گئے اور انہوں نے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء، وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے، کمشنر ملتان اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کے ہمراہ خصوصی اجلاس میں شرکت کی٬ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موٹروے کے ساتھ دونوں اطراف سیلابی پانی 20کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے، موٹروے کو توڑنا کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن شہریوں کا جان و مال زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر قیمت پر جلال پور پیر والا شہر کو بچانا ترجیح ہے جس کے لئے این ایچ اے پنجاب حکومت کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر ادارے اُس میں اُن کا ساتھ دیں گے۔ عبدالعلیم خان نے حالیہ سیلاب سے بالخصوص ملتان کے گردونواح میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اس سیلاب سے سبق سیکھنا چاہیے، حفاظتی بند بننے چاہئیں اور متعلقہ محکموں بالخصوص محکمہ آبپاشی کو اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر عہدہ برآ ہونا چاہیے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کے ہمراہ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، رانا سکندر حیات، صہیب برتھ اور میاں کاظم پیر زادہ نے بھی اجلاس میں اظہار خیال کیا جبکہ وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی، کمشنر ملتان ڈویژن اور سینئر افسران نے اجلاس کو متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ موٹروے کو ممکنہ طور پر مزید شگاف ڈالنے کے لئے نیسپاک، آبپاشی، سوئی گیس، واٹر سروسز اور دیگر ادارے باہم رابطے میں ہیں۔اجلاس میں خصوصی ٹیکنیکل کمیٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا جو جلال پور پیر والا میں ایم-5کے گردوپیش پانی کی صورتحال کو 24گھنٹے مانیٹر کرے گی اور ضرورت کے مطابق قدم اٹھائے گی۔

دریں اثناء وفاقی وزیر عبدالعلیم خان دورہ ملتان کے موقع پر شجاع آباد میں ممبر قومی اسمبلی اور چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون کی رہائش گاہ پر بھی گئے جہاں دونوں رہنماؤں نے جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے این ایچ اے کی بر وقت کاروائیوں کو سراہا۔ عبدالعلیم خان اور رانا قاسم نون نے موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بالخصوص پاک سعودیہ دفاعی معاہدے اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں