94

سیلاب جنوبی پنجاب میں اترنے لگا٬ امدادی پیکیج پر عملدرآمد شروع٬ پہلے مرحلہ میں متاثرین کے نقصان کی انفرادی تخمینہ سازی

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

سیلاب جنوبی پنجاب میں اترنے لگا٬ امدادی پیکیج پر عملدرآمد شروع٬ پہلے مرحلہ میں متاثرین کے نقصان کی انفرادی تخمینہ سازی کی جائے گی ٬ اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے وفاقی محکموں کے تعاون سے صوبائی محکموں کا ٹاسک ورک جاری کر دیا٬ فلڈ ریلیف پیکیج کے تحت دس لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جائے گی ٬ چھوٹے گھروں کے نقصان پر پانچ لاکھ تک اور بڑے گھروں کی بحالی کیلئے دس لاکھ کے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے٬ جانی نقصان کا ازالہ الگ سے دیا جائے گا۔

سیلاب نقصانات تخمینہ 2025ء پنجاب حکومت نے اپنے فیصلہ پر عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے٬ جس کے مطابق سیلاب نقصانات کا جامع سروے شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے٬ کمشنرز کی نگرانی میں ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں یہ ٹاسک پورا کریں گے٬ ٹاسک ورک کے مطابق موضع جات کی سطح پر سیلابی نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے حکومت پنجاب کی ہدایت پر تشکیل مشترکہ سروے ٹیموں میں فوج اور سول ادارے شامل ہوں گے

سیلاب زدگان تخمینہ سازی بارے ٹاسک ورک کے مطابق انسانی جانوں کے ضیاع، زخمیوں اور مکانوں کے نقصانات کی تفصیل جمع کی جائے گی۔کھڑی فصلیں اور مال مویشیوں کے نقصانات بھی رپورٹ ہوں گے٬سروے کے لیے اربن یونٹ کی اینڈرائڈ ایپلیکیشن استعمال ہوگی٬
ڈیٹا کی تصدیق نادرا،پی ایل آر اے اور دیگر اداروں سے ہوگی٬اہل متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی بینک آف پنجاب کے ذریعے ہوگی۔

فلڈ ریلیف پیکیج کیلئے اہل قرار پانے والے متاثرین کیلئے ڈسبرسمنٹ سینٹرز میں بائیومیٹرک تصدیق اور فوری ادائیگی کی سہولت موجود ہوگی٬سروے ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے٬ضلع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو کو اور تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنرز کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ، سخت نگرانی اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے٬ شکایات کے ازالے کے لیے ڈیش بورڈ پر کمیٹی قائم ہوگی اور سات دن میں فیصلہ کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں