: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں مقدمات کی ویڈیو لنک سماعت کی سہولت نہ ہونے کے خلاف ملتان کے وکلاء کا لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں احتجاج اور دھرنا مطالبہ تسلیم کیے جانے کی یقین دہانی پر ختم کردیا گیا٬ بدھ کے روز اس احتجاج کیلئے ملتان سے وکلاء کا قافلہ سابق صدر ملتان ہائیکورٹ بار ریاض گیلانی کی قیادت میں لاہور پہنچا تھا احتجاج کرنے والوں میں نشید عارف گوندل سمیت دیگر معروف وکلا بھی شامل تھے٬ احتجاجی دھرنا کے دوران پولیس کے اعلی حکام موقع پر پہنچے اور مذاکرات سے پہلے دھرنا احتجاج ختم کروانا چاہا تو وکلاء کی نمائندگی کرتے ہوئے ریاض گیلانی نے کہا کہ ہم عوام کے ایک جائز مطالبہ کیلئے ملتان سے لاہور پہنچے ہیں ہمارا احتجاج دھرنا پرامن ہے ٬ پولیس تشدد کرے یا گرفتار٬ ہم دھرنا ترک نہیں کریں گے.
پولیس حکام نے پہلے خود مذاکرات کے ذریعے وکلاء برادری سے پرامن رہنے اورنرمی اختیار کرنے پر زور دیا اور بعد ازاں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ پنجاب محترمہ عالیہ نیلم سے وکلاء وفد کی ملاقات میں ان کی جانب سے یہ مطالبہ جلد منظور کیے جانے کی یقین دہانی پر ملتان کے وکلاء نے احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔