ایف بی آر ٹیکس قوانین پر مضطرب بزنس کمیونٹی کے سڑکوں پر نکلتے ہی حکومت مذاکرات پر تیار ہوگئی,پہلا دور آج سے شروع۔

: محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

ایف بی آر ٹیکس قوانین پر مضطرب بزنس کمیونٹی کے سڑکوں پر نکلتے ہی حکومت مذاکرات پر تیار ہوگئی۔ جسے قبول کرتے ہوئے ملک بھر سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفود اسلام آباد پہنچ گئے۔ مذاکرات کا پہلا دور آج 15 جولائی کو شروع ہوگا۔ حکومت کی نمائندگی وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں چیئرمین ایف بی آر، وفاقی وزیر پٹرولیم، سیکریٹری فنانس و دیگر متعلقہ حکام کریں گے۔ دوسری جانب بزنس کمیونٹی نے 19 جولائی کی ملک گیر ہڑتال کی کال واپس نہیں لی اور اسے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے نتائج سے مشروط قرار دیا ہے۔ آج کی مذاکراتی میز پر سرکار اور بزنس کمیونٹی کے درمیان مذاکرات کا اکلوتا ایجنڈا حکومت کی ٹیکس اصلاحات اور کاروباری طبقہ کے تحفظات رکھا ہو گا۔ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ حکومت تحفظات دور کرنے کیلئے درمیانی راستہ اختیار کرنے پر رضامند ہو جائے گی۔

ٹیکس اصلاحات بارے تحفظات ۔مذاکرات سے قبل چیمبر اور تاجر برادری دونوں کا مل کر شو آف پاور ۔

دریں اثناء بزنس کمیونٹی ٹیکس اصلاحات خاص کر 21ایس ۔ 37 اے اے اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے خلاف احتجاج کے پہلے مرحلے میں سڑکوں پر نکل آئی ۔ اس سلسلے میں چیمبر اور تاجر برادری دونوں نے مل کر شو آف پاور کا مظاہرہ کیا ذرائع کے مطابق حکومت مذاکرات پر پہلے ہی آمادہ ہو چکی تھی اور بزنس کمیونٹی کے منتخب نمائندگان سے رابطے بھی مکمل ہو چکے تھے مگر کاروباری طبقہ نے ٹیکس اصلاحات کے خلاف تحفظات کے اظہار کا جو موومینثم بنا لیا تھا اس کے عملی اظہار کا سنہری موقع معطل نہ کیا اور بھرپور احتجاج کے ذریعے حکومت کو مذاکرات سے صرف ایک دن پہلے یہ کھلا پیغام دے دیا کہ ٹیکس اصلاحات بارے تحفظات پر ہم سب متحد ہیں نئے ٹیکس اور پالیسی اقدامات کسی صورت قبول نہیں کیے جا سکتے۔ ملتان میں چیمبر آف کامرس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ میں تاجروں اور صنعتکاروں نے بھرپور یک جہتی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ان ظالمانہ اقدامات کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ احتجاج کے شرکاء نے مذاکرات میں شرکت کیلئے جانیوالے اپنے نمائندگان پر بھی واضح کیا کہ مذاکرات کی میز پر مصلحت انگیزی سے گریز کیا جائے اور نتیجہ خیز ہونے کی صورت میں مذاکرات کے مشترکہ اعلامیہ کے اجراء کے مسودہ کا بھی باریک بینی سے جائزہ لے کر دستخط کیے جائیں تاکہ بزنس کمیونٹی کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔

ریلیف ملنے تک 19 جولائی کی ملک گیر ہڑتال کی کال واپس نہیں لی جائے گی: میاں بختاور تنویر شیخ

ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے ایس جی نیوز سے گفتگو میں واضح کیا کہ تاجر برادری متحد ہے، ایک ہی پلیٹ فارم پر کھڑی ہے، اور حکومت کی ٹیکس پالیسیوں کے خلاف بھرپور اور مشترکہ جدوجہد جاری رکھے گی۔ جب تک حکومت تاجروں کو ریلیف نہیں دیتی، 19 جولائی کی ملک گیر ہڑتال کی کال واپس نہیں لی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جن ٹیکسز کا نفاذ کیا جا رہا ہے وہ نہ صرف کاروباری ماحول کو تباہ کر رہے ہیں بلکہ متوسط اور چھوٹے تاجروں کے لیے زندہ رہنا بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔ کاروباری برادری نے واضح کیا کہ ہمیں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کیا گیا اگر حکومت مذاکرات میں مطالبات تسلیم کر لیتی ہے تو آئندہ کا لائحہ عمل جاری کیا جائے گا، بصورت دیگر 19 جولائی کو ملک گیر ہڑتال ہر صورت کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کیلئے بزنس کمیونٹی کے متفقہ ایجنڈا پر بات ہو گی صنعت و تجارت کے تحفظ کو یقینی بنائے، غیر ضروری ڈیجیٹل نگرانی اور ہراسانی ختم کی جائے، اور پالیسی سازی میں تاجر برادری کو شامل کیا جائے تاکہ معیشت کی بحالی ممکن ہو سکے۔

  • Related Posts

    ایف بی آر کے قوانین ظالمانہ قرار دے کر ایوانِ تجارت و صنعت ملتان نے احتجاج کی کال دے دی:صدر میاں بختاور شیخ کا ایس جی نیوز اور ویب سائٹ کیلئے خصوصی انٹرویو

    :محمد ندیم قیصر…

    ایف بی آر کے نئے قوانین مسترد، ملک گیر سطح پر کاروباری تنظیموں کی مشترکہ جدوجہد کا اعلان

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *