چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پی ٹی وی کی 61ویں سالگرہ کے موقع پر خطاب
ملتان/ اسلام آباد(سدرہ فاروق) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان ٹیلی ویژن کی 61ویں سالگرہ کے موقع پر پی ٹی وی ملتان میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن نہ صرف اطلاعات و تفریح کا قومی ادارہ ہے بلکہ یہ ملک کے مختلف خطوں کی ثقافت، زبان، موسیقی اور ادب کی حقیقی ترجمانی بھی کرتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پی ٹی وی ملتان سنٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
تقریب میں ڈائریکٹر پروگرام سیف الدین، جنرل منیجر پی ٹی وی ملتان شفقت عباس ملک، سنگر ثریا ملتانی، ملک حیدر عثمان ایڈووکیٹ، شاکر حسین شاکر، شہر کے معززین، شعرا، ادیبوں اور صحافیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں پی ٹی وی کے ساتھ جڑی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کے سنہری دور کے ڈرامے نہ صرف پاکستان بھر میں مقبول تھے بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی شوق سے دیکھے جاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جیلوں میں قیدی پی ٹی وی کے ڈراموں کا بے چینی سے انتظار کرتے تھے، جو ان کے لیے امید اور حوصلے کا ذریعہ بنتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسی احساس نے انہیں بطور وزیراعظم ملتان میں پی ٹی وی سینٹر کے قیام کا فیصلہ کرنے پر آمادہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان کا قیام خطے کی تہذیب، سرائیکی زبان، موسیقی اور ادبی ورثے کے فروغ میں ایک بنیادی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔یہاں کے لوگ اپنی تہذیب، ثقافت اور روایات میں ایک جداگانہ مقام رکھتے ہیں،
اس لئے ضروری تھا کہ ان کی نمائندگی کے لیے علیحدہ ٹیلی ویژن سینٹر قائم کیا جائے، جو نہ صرف مقامی تشخص کو ابھارے بلکہ نئے فنکاروں، شعرا، موسیقاروں اور ادیبوں کے لیے مواقع فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ 2011 میں پی ٹی وی ملتان سینٹر کا افتتاح اسی وژن کے تحت کیا گیا تھا تاکہ علاقائی موسیقی، ادب، شعر و حکمت اور ثقافتی سرگرمیوں کو قومی پلیٹ فارم میسر آ سکے۔ گیلانی نے پی ٹی وی کی سالگرہ پر پوری قوم، خصوصاً ملتان اور جنوبی پنجاب کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی اپنی بہترین روایات برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھتا رہے گا۔
مزید برآں چیئرمین سینیٹ نے اپنے حالیہ دورہ آذربائیجان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں کے صدر سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ آذربائیجان میں 700 سال قدیم”ملتان کاروان سرائے“ تاریخی ورثے کی علامت ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے انہیں بتایا کہ اس کا نام اس لئے برقرار رکھا ہوا ہے کہ آپ کا تعلق بھی ملتان سے ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان ایک تاریخی شہر ہے اور ملتان کی تاریخ 5 ہزار سال پرانی ہے انہوں نے تجویز دی کہ ملتان کی طرح تاریخی اہمیت رکھنے والے عالمی شہروں کو“سسٹر سٹیز”قرار دے کر ثقافتی سفارت کاری کو فروغ دیا جائے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی ٹی وی جیسے ادارے ملک کی نرم طاقت، ثقافتی شناخت اور قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی ترقی اور بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے