
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
پاکستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی20 میں شکست دے کر تین برسوں میں پہلی بار ہوم سیریز بھی جیت لی ۔ تیزرفتار ففٹی میکر صاحبزادہ فرحان مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔قذافی سٹیڈیم لاہور پر جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کو پاکستان کی 57 رنز کی واضح برتری سے فتح میں مڈل آرڈر بیٹسمین حسن نواز کی برق رفتار نصف سنچری اور کیرم بال فیم میجک باؤلر ابرار احمد کی مہمان ٹیم کی مڈل آرڈر میں تباہی مچاتی باؤلنگ نے بھی اہم ترین کردار ادا کیا۔اور پاکستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی 20 میں 57 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل یکم جون بروز اتوار کو کھیلا جاۓ گا۔میزبان پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بناۓ۔صائم ایوب ابھی تک فارم میں نہیں آ سکے بدقسمتی سے اس میچ میں بھی کچھ نہیں کر سکے اور صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،صاحبزادہ فرحان،محمد حارث نے مہمان باولرز کی دل کھول کر پھینٹی لگائی۔صاحبزادہ فرحان نے 6 چھکوں 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 74 رنز بنائے اور 41 گیندوں کا سامنا کیا۔محمد حارث نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے،حسن نواز کے بلے نے رنز اگلنے کا سلسلہ برقرار رکھا اور شائقین کو بالکل مایوس نہیں کیا حسن نواز نے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناۓ،کپتان سلمان علی آغا 19 رنز،شاداب خان 7رنز اور فہیم اشرف ایک رن بنا سکے،مہمان ٹیم بنگلہ دیش کی طرف سے حسن محمود اور ثاقب نے دودووکٹیں حاصل کیں۔ رشاد حسین ایک آؤٹ کر سکے۔پاکستان نے بنگلہ دیش کو 202 رنز کا ٹارگٹ دیا
مہمان ٹیم ابرار احمد کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 19 اوورز میں 144 رنز بنا سکی، مہمان ٹیم ابرار احمد کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔بنگلہ دیش کے تنظیم ثاقب کی نصف سنچری اور تنزید حسین کے 33 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکے۔ پاکستان کی طرف سے ابرار احمد تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔انہوں نے ایک ایسے مرحلہ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں شگاف ڈالا کہ جب مہمان ٹیم چوتھے اوور میں 44 رنز پر بغیر کسی نقصان کے کھیل رہی تھی اور اگلے تین اوورز میں یعنی ساتویں اوور تک بنگلہ دیش کی 5 وکٹیں صرف 56 رنز پر گر چکی تھیں۔اس مرحلہ پر بنگلہ دیش کیلئے سنچری مکمل کرنا مشکل لگ رہا تھا لیکن تنظیم کی منظم جارحانہ اننگز نے پاکستانی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور چوکوں چھکوں سے تماشائیوں کیلئے لطف اندوز ہونے کا سماں باندھ دیا۔پاکستاںی وکٹ ٹیکر باؤلرز میں سے حارث رؤف،حسن علی، شاداب خان،فہیم اشرف اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔