
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کر دیا۔ پلیئر آف دی تھرڈ میچ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں دوسری تیزترین سنچری ( 46 گیندوں پر 107رنز. 7چھکے۔ 8چوکے) بنا ڈالی اور وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سنچری بنانے والے پانچویں بیٹسمین بھی بن گئے۔ تیزترین ٹی 20 انٹر نیشنل سینچری بنانے کا اعزاز بھی پاکستان کے حسن نواز(44 گیندوں پر ) کے پاس ہے۔ قذافی سٹیڈیم پر بیسٹ آف تھری سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں بآسانی کامیابی حاصل کرنیوالی ون ڈاؤن نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے محمد حارث اور دوسرے صائم ایوب نے بنگلہ دیش کے مجموعی سکور 196 رنز کے تعاقب میں چار گیندوں پر صرف ایک رنز بنا پانے والے پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ (8رنز ٹوٹل پر) ہونے پر خوشی کے مارے بغلیں بجانے والے بنگلہ دیشی ٹیم کے اوسان خطا کر دیئے ۔ اور دسویں اوور میں 10 رنز فی اوور کی اوسط سے اپنی ٹیم کی سنچری بنا ڈالی۔ اس موقع پر صائم ایوب (29گیندوں پر 46 رنز۔ 4 چھکے 2 چوکے)داغ مفارقت دے گئے تو ٹوڈاؤن بیٹسمین حسن نواز نے بھی مہمان باؤلرز کو سانس لینے کا موقع نہ دیا اور انہوں نے 13 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 20 رنز کی بغیر سنگل ڈبل جارحانہ اننگز کھیلی اور محمد حارث کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کیلئے 18 گیندوں پر 37 رنز کی پارٹنرشپ بھی قائم کی۔کپتان سلمان علی آغا تیسری وکٹ 137 (12.5اوورز) رنز پر گرتے ہی کریز پر پہنچے اور گھن گرج کے ساتھ بنگلہ دیشی باؤلرز کا چوکوں چھکوں سے بھرکس نکالنے والے محمد حارث کا ساتھ دیا اور اپنی ٹیم کا مزید کسی خسارہ سے محفوظ رکھتے ہوئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 7 وکٹوں کی کامیابی دلوا کر پویلین واپس لوٹے حارث اور آغا تیسری وکٹ کیلئے صرف 26 گیندوں پر 60 رنز کی ساجھے داری کی جس میں کپتان کا حصہ صرف 15 رنز (12 گیندیں 2 چوکے) تھا۔ پاکستان نے وننگ شاٹ کے ساتھ میچ کو 17.2 اوورز میں مکمل کیا۔
بنگلہ دیش کا کوئی بھی باؤلر پاکستانی بیٹسمینوں کی جارحیت سے محفوظ نہ رہ سکا۔حسن محمود سب سے مہنگے۔
بنگلہ دیش کا کوئی بھی باؤلر پاکستانی بیٹسمینوں کی جارحیت سے محفوظ نہ رہ سکا۔ سیکنڈ اٹیک حسن محمود سب سے مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے 3اوورز میں 14 رنز فی اوور کی اوسط سے 42 رنز دیئے اور کوئی اؤٹ بھی نہ کر سکے۔ فرسٹ اٹیک مہدی حسن مرزا نے پونے 9 رنز کی اوسط سے 3اوورز میں 26 رنز دے کر 2وکٹیں حاصل کیں ۔ تنظیم الحسن ثاقب نے تین اوورز 36 رنز ایک وکٹ ۔خالد احمد 4اوورز 37 رنز کوئی اؤٹ نہیں۔ رشاد حسین 3اوور میں بغیر وکٹ کے39 رنز دیئے ۔ شمیم حسین نے ایک اوور میں گیارہ رنز دیئے اور توحید ہردوئے نے صرف دو گیندوں پر 5 رنز دیئے تھے ان کی گیند پر ہی پاکستانی ٹیم نے وننگ سٹروک بھی لگایا۔
بنگلہ دیش کے اوپنرز نے جارحانہ سنچری پارٹنرشپ ۔ اننگز کے آخری 4 اوورز میں پاکستانی باؤلرز نے رنز رفتار کو کنٹرول کر لیا۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ بنگلہ دیش کے اوپنرز نے جارحانہ سنچری پارٹنرشپ سے درست ثابت کر دکھایا۔ اننگز کے آخری 4 اوورز میں پاکستانی باؤلرز نے رنز رفتار کو کنٹرول کر لیا۔اوپنر پرویز حسین ایمن (34 گیندوں پر 66 رنز (4چھکے۔7چوکے). تنزید حسن (32 گیندوں پر 42 رنز۔ 3چھکے3چوکے)نے 110 رنز کی تیز رفتار پارٹنر شپ صرف 10 رنز فی اوور کے حساب سے مکمل کی۔ لیکن یہ دونوں 113 رنز تک یکے بعد دیگرے واپس پویلین پہنچ گئے۔ اس مرحلہ پر کپتان لٹن داس اور توحید ہردوئے نے تیسری وکٹ کیلئے 32 گیندوں پر مزید 49 رنز جوڑ لیے۔لٹن 22 (18 گیندیں ایک چھکا ایک چوکا)اور توحید 25 رنز (18 گیندیں 2چھکے ایک چوکا) )بنا کر آؤٹ ہوئے تو 17 اوور کی دوسری گیند پر بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ گرتے ہی پاکستانی باؤلرز نے رنز کی رفتار کو کنٹرول کرنے پر فوکس کیا اور نئے آنیوالے بیٹسمین جارحانہ کھیلنے کے چکر میں اپنی اپنی وکٹ بھی گفٹ کرتے چلے گئے اور 21 گیندوں پر 36 رنز کے اضافہ کے ساتھ مزید 3وکٹیں گر گئیں اور جب بنگلہ دیش الیون کی اننگز کے 20 اوورز مکمل ہوئے تو سکور بورڈ پر مجموعہ 196رنز 6 آؤٹ تھا۔ بنگلہ دیش کی بیٹنگ پرفارمنس شیٹ کے مطابق جاکر علی 9 گیندوں پر 15 رنز ۔ ایک چوکا ایک چھکا ۔ شمیم حسین 4 گیندوں پر 8 رنز دو چوکے۔ مہدی حسن مرزا تین گیندوں پر ایک رنز۔ تنظیم الحسن ثاقب نے تین گیندوں پر 8 رنز ایک چھکا کی مدد سے لگائے۔ پاکستانی باؤلرز کے پرفارمنس اعدادوشمار کے مطابق فرسٹ سپن اٹیک صائم ایوب دو اوورز میں 24 رنز۔سلمان علی آغا ایک اوور میں 11 رنز۔ ابرار احمد 2اوورز میں 27 رنز۔ اور یہ تینوں کوئی آؤٹ نہ کرسکے۔ ٹاپ وکٹ ٹیکرز میں عباس آفریدی نے 4اوورز میں 26 رنز کی کفایتی باؤلنگ کے ساتھ 2وکٹیں اڑائیں۔ سیکنڈ اٹیک باؤلر حسن علی نے چار اوورز میں 2 آؤٹ 38 رنز دے کر آؤٹ کیے۔ فہیم اشرف کو 4اوورز میں 41 رنز کی پھینٹی کے بعد ایک وکٹ مل پائی۔ ساتویں نمبر پر باؤلنگ کروانے والے شاداب خان کو 3اوورز میں 26 رنز دے کر ایک وکٹ مل پائی۔
۔
محسن نقوی کا بنگلہ دیش سیریزمیں بہترین سکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلیٰ ۔لاہور پولیس ۔ پاک فوج ۔ رینجرز سے اظہارِ تشکر۔
۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے خلاف کرکٹ سیریز میں بہترین سکیورٹی انتظامات پر لاہور پولیس ۔ پاک فوج ۔ رینجرز اور دیگر اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہر سطح پر بھرپور تعاون پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب حکومت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت کی معاونت مثالی رہی۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تینوں میچز کے دوران شائقین کرکٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے۔ لاہور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کی دن رات کی محنت کے باعث شائقین کرکٹ نے محفوظ ماحول میں میچز کو انجوائے کیا۔انہوں نے کہا کہ فرائض سرانجام دینے والےافسروں اور جوانوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔