
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
فورٹ منرو کے مقام پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر سردار طارق بگٹی کی طرف سے عید الاضحیٰ کے قریب پاکستان کی ویسٹ ایشیاء سلور میڈلسٹ بیس بال ٹیم کے اعزاز میں ذائقہ دار ضیافت نے دونوں فیڈریشنز کے مابین 40 برسوں پرانی باہمی تعلقداری کی یادوں کو بھی تازہ کر دیا.
یہ1984ء کی بات ہے جب پاکستان نے اولمپکس کے ہاکی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا تھا تو اس چیمپئن ٹیم میں گوجرانولہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی خالد حمید بھی شامل تھے جب خالد حمید اپنے آبائی شہر گجرانوالہ پہنچے تھے تو ان کے استقبال کیلئے شہر جمع تھا اور ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام گوجرانولہ کی ڈویژنل سپورٹس انتظامیہ کی طرف سے بھی کیا گیا تھا اس وقت ڈویژنل سپورٹس آفیسر سید خاور علی شاہ تھے جی ہاں وہی خاور علی شاہ جنہوں نے 90ء کی دہائی میں بیس بال کو نہ صرف منظم کیا بلکہ ایسا حقیقی ٹیلنٹ متعارف کروایا کہ اس کی گونج ایشیاء میں سنائی دی ۔ سید خاور علی شاہ پاکستان بیس بال فیڈریشن کے مرکزی عہدوں پر بھی براجمان رہے لیکن اس سے زیادہ بڑی پہچان یہ بنی کہ وہ اپنی آخری سانسوں تک اس کھیل کی جڑیں مضبوط کرنے کی تگ و دو میں رہے اب سید خاور علی شاہ کی بیس بال وراثت کو لے کر ان کے بڑے صاحبزادے سید فخر علی شاہ بڑی کامیابی کے ساتھ سنبھالے ہوئے ہیں۔ ویسٹ ایشیاء کی سلور میڈلسٹ ٹیم نے سید فخر علی شاہ کی قیادت میں ہی فورٹ منرو میں ہاکی فیڈریشن کی پر تکلف ضیافت میں شرکت کی۔ سید فخر علی شاہ نے مئی کی جنگی صورتحال میں ویسٹ ایشیاء بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ایران روانگی کے اپنے ٹور کو ہاکی فیڈریشن کے صدر سردار طارق بگٹی کی مخلصانہ دلچسپی اور کاوش کو سراہا۔۔سردار طارق بگٹی نے سید فخر علی شاہ کو فیڈریشن کا مخصوص بیج عطا کیا اور اپنے ہاتھوں سے سید فخر علی شاہ کے سینے پر سجایا۔
بیس بال فیڈریشن اور لاس اینجلس اولمپکس 84ء کی چیمپئن ہاکی ٹیم کے کپتان منظور حسین جونیئر کے ساتھ جاری سنہری یادیں۔
پاکستان بیس بال فیڈریشن کی پاکستان ہاکی کے نامور لیجنڈری کھلاڑی و لاس اینجلس اولمپکس 84ء میں ہاکی ٹائٹل جیتنے والی پاکستان ٹیم کے کپتان منظور حسین جونیئر کے ساتھ بھی سنہری یادیں جٹی ہوئی ہیں یہ سال 2017 ء کی بات ہے کہ جب پاکستان کی ٹیم ایک انٹرنیشنل مقابلے میں غیر ملکی مقام پر بھارت کے ساتھ مدمقابل تھی تو اس وقت منظور حسین جونیئر بھی وہیں موجود تھے وہ پاکستان بیس بال ٹیم کی حوصلہ افزائی اور اظہار یکجہتی کیلئے گراؤنڈ پہنچے ۔ پاکستان ٹیم کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ اس وقت پاکستان بیس بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سید خاور علی شاہ مرحوم تھے ۔ اس موقع پر سید فخر علی شاہ موجودہ جنرل سیکرٹری بیس بال فیڈریشن نے بھی خصوصی طور پر ایک فوٹو بنایا تھا اور منظور حسین جونیئر کیلئے سپورٹس آئیکون شخصیت کا کیپشن لکھا تھا۔
فورٹ منرو پر تکلف ضیافت کے گروپ فوٹو کے ساتھ بیس بال فیڈریشن کا ملائیشیا ٹور کے آغاز پر پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار ۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے ملائیشیا کی اڑان بھری تو پاکستان کی بیس بال فیڈریشن نے 40 برس پرانے تعلقداری کا پاس رکھتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار منفرد انداز میں کیا ہے اس موقع پر فیڈریشن کی طرف سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پر فضاء پہاڑی مقام فورٹ منرو پر بیس بال ٹیم کی حالیہ ضیافت کے موقع پر بنائے گئے یادگاری گروپ فوٹو کو بھی شیئر کیا ہے۔ بیس بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سید فخر علی شاہ نے دعا کی کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم ملائیشیا میں شیڈولڈ چار ملکی ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے اور ٹائٹل جیت کر وطن واپس آئے ۔