غیر قانونی پٹرول پمپ اور آئل ایجنسیوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے گھیرا تنگ کر دیا
ملتان (سدرہ فاروق)
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر گزشتہ روز جاری کریک ڈاؤن کے دوران 14 پٹرول پمپ سربمہر کر دیے گئے جبکہ متعدد مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائیاں پیمانے میں گڑبڑ، کم مقدار میں پٹرول کی فراہمی اور فارم K کی عدم دستیابی پر کی گئیں۔
چیکنگ کے دوران مختلف پٹرول پمپ یونٹس میں پیمائش کے آلات میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ مشینیں سیل کر دی گئیں اور ذمہ داران کو نوٹس جاری کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں میں پٹرول پمپ یونٹس کی باقاعدہ انسپکشن کا خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ صارفین کو مکمل مقدار اور معیاری ایندھن کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی قسم کی بددیانتی یا دھوکہ دہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی سی ملتان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے تحفظ کیلئے ضلعی انتظامیہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور غیر قانونی آئل ایجنسیوں، بغیر لائسنس پٹرول پمپوں اور پیمانے میں خردبرد کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی